• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ نتائج سے ثابت ہوگیا ن لیگ سب سے بڑی جماعت ہے، شہبازشریف، جس کیساتھ اللہ اسے کوئی سازش نہیں روک سکتی،مریم نواز

لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ(ن)کی مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہو اس کو دنیا کی کوئی طاقت، کوئی سازش نہیں روک سکتی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کاکہناہے کہ سینیٹ نتائج سے ثابت ہوگیا کہ مسلم لیگ (ن)ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ‘ حمزہ شہبازکے مطابق دھرنوں کی سیاست ناکام ہوچکی جبکہ وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پس پردہ قوتوں کا دورختم ہوچکا‘وفاقی وزیرمشاہداللہ خان نے کہاکہ ہماری جیت سازشیوں کی ہار ہے‘ وہ لوگ عوام سے ہارگئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے (ن)لیگ کے حمایت یافتہ نو منتخب سینیٹرز کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نومنتخب سینیٹرز آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری عمل کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور قانون سازی میں اپنا موثر کردارادا کریں گے‘انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج سے واضح ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور عوام کے دلوں میں بستی ہے‘عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پہلے سے بھی زیادہ اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔ دریں اثناءایک بیان میں یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ الزام تراشی اوربہتان طرازی کرنے والے یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیںاور ان عناصرنے ہرقدم پر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی جبکہ جھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے۔ عوام کی ترقی کے مخالفین جان لیں کہ ان کی منفی سیاست کا ہر حربہ ناکام رہے گا کیونکہ عوام کو خالی نعروں، کھوکھلے دعووں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے پاکستان کے عوام جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست سے نفرت کرتے ہیں اور22 کروڑ عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیںجبکہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں نے عوام سے کھلی دشمنی کی ہے۔ عوام 2018کے عام انتخابات میں جھوٹ کے علمبرداروں کو مسترد کردیں گے۔ادھر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے (ن) لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مبارکباد دی ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے کہا کہ سب شیروں کو مبارک‘ سینٹ انتخابات میںن لیگ کا نام ‘جماعت اور نشان چھین لئےگئےلیکن سینیٹ کا انتخاب ہر اس امیدوار نے جیتا جو نوازشریف کا انتخاب تھا‘مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان کو سیلوٹ کرتی ہوں جنہوں نے سیاست کی روایت بدل دی اور پارٹی اور نوازشریف کا ڈٹ کر ساتھ دیا‘منہ ڈرے نہ پیچھے ہٹے‘جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہو اس کو دنیا کی کوئی طاقت، کوئی سازش نہیں روک سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روک سکو تو روک لو‘وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سینیٹ میں بھی اکثریتی جماعت بن گئی ہے،اب پس پردہ قوتوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ وزیر ماحولیات مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ جو لوگ سینیٹالیکشن نہ ہونے کا شوشہ چھوڑ رہے تھے اب وہ منہ چھپاتے پھرتےہیں۔ہفتہ کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ میں حکومت ملوث نہیں، پنجاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے نہ ہی اس کی ضرورت ہے ‘ہماری جیت سازشیوں کی ہار ہے‘ وہ لوگ عوام سے ہارگئے ہیں‘ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امورزعیم قادری نےپنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ کے امید واروں کے ٹکٹ منسوخ کر کے پری پول دھاندلی کی گئی لیکن اس کے باوجود ہر آزادامیدوار نواز شریف کا سپاہی ہے‘مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات سے جمہوریت کی جیت ہوئی ‘عمران خان چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں ہوسکتا‘سازشوں دھرنوں سے عمران خان ساری عمر وزیراعظم نہیں بن سکتا وہ چور دروازے کی تلاش میں ہے کہ سلی سلائی شیروانی آئے اور وہ پہن لے ،عمران خان ووٹ ڈالنے نہیں آئے وہ صرف میوزیکل چیئر کھیلنا جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول اپنے والد کو کہیں کہ وہ سوئس اکاؤنٹ کا جواب دیں ،چیئرمین سینیٹ کا فیصلہ پارٹی کرےگی ۔

تازہ ترین