اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات ،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف پر تنقید کرنے سے پہلے آپ کو شرم آنی چاہیے،آپ نے ایم او یوزسے بجلی ،میٹرو کی صرف فیزیبلٹی بنائی،پورا پاکستان آپ کے 350 بجلی منصوبوں کو تلاش کر رہا ہے،آپ کے حصے کا کام بھی شہباز شریف نے کیا ہے،عمران صاحب آپ تو ڈینگی سے ڈر کرپہاڑپر چڑھ گئے تھے ،یہ شہبازشریف تھے جنہوں نے خیبرپختونخوا کے لوگوں کی مدد کی۔انہوں نے پنجاب میں خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ پنجاب کے منصوبوں پر تنقید کا جواب آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام آپ کو دینگے۔عمران صاحب ! آپ کے پاس تو گالیاں، جھوٹ، بہتان اور امپائر کی انگلی کے سوا کوئی دوسرا منصوبہ نہیں ہے۔ پاکستان کے عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ایوان میں عوام کے ووٹ کے تقدس کی بے حرمتی اور پارلیمان پر لعنت بھیجنے والے کو اپنا نمائندہ نہیں بنائیں گے۔اتوار کو بیان میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب میں خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے،صحت ،تعلیم ، توانائی ،ٹرانسپورٹ اورانفراسٹرکچر سمیت تمام شعبوں کو ترقی دی۔ ان کے جذبے ،محنت اور ایمانداری کا اعتراف چین اورٹرانسپرنسی انٹرنیشل سمیت تمام عالمی ادارے کر رہے ہیں،پوری دنیا بالخصوص چین بھی شہباز سپیڈ کا اعتراف کرتا ہے۔ بھکی پاور پراجیکٹ سمیت توانائی کے مختلف منصوبے ریکارڈ مدت اور کم ترین لاگت پر قائم کیے۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پورا پاکستان آپ کے 350 بجلی کے منصوبوں کو تلاش کر رہا ہے۔