پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے 16 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک اور پشاور زلمی کے قائد محمد حفیظ ٹاس کے لئے میدان میں اترے ہیں۔
پشاور زلمی محمد حفیظ کی قیادت میں اینڈریو فلیچر،کامران اکمل،ڈیوائن اسمتھ، رکی ویسلز، لیم ڈاسن، حماد اعظم، وہاب ریاض، عمید آصف،حسن علی اور ثمین گل پر مشتمل ہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے کپتان شعیب ملک،احمد شہزاد، کمارا سنگاکارا، صہیب مقصود، کیرون پولارڈ، ڈیرن برائو، سیف بدر، سہیل تنویر، عمران طاہر، جنید خان اور محمد عرفان مقابلے کے لئے میدان میں اترے ہیں۔
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا یہ دوسرا میچ ہے،آج کے میچ کی فاتح پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مضبوط کرلے گی۔
اس سے قبل اسی اسٹیڈیم پر ہونے والے ایونٹ کے پہلے میچ میں شعیب ملک الیون نے ڈیرن سیمی کی دفاعی چیمپئن کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پی ایس ایل ایک بار پھر دبئی پہنچ گیا ہے، ایونٹ کا یہ تیسرا رائونڈ ہے، اس سے قبل دبئی اور شارجہ میں میچز کھیلے جاچکے ہیں۔
اب تک کھیلے ایونٹ کے 15 میچوں ملتان سلطانز کی ٹیم بہترین رن اوسط کی بنیاد پر 7پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اتنے ہی پوائنٹس رکھنے والی کراچی کنگز دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
پشاور زلمی جس کا رن اوسط تو اچھا ہے لیکن اسے 5 میچز میں سے صرف 3 میں کامیابی اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، 6 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔