دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں صہیب مقصود کی برق رفتار اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپین پشاور کودلچسپ مقابلے کے بعد19 رنز سے شکست دے دی۔محمد حفیظ اور لائم ڈاو سن کی کوشش بھی کام نہ آسکی۔اس جیت کے ساتھ ہی ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری برقرار رکھی۔ منگل کودبئی میں پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے پشارو زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹورنا منٹ کا سب سے بڑا اسکور تین وکٹ پر183رنز بنائے تھے۔اس سے قبل ملتان ہی نے لاہور کے خلاف 179رنز بنائے تھے۔ صہیب مقصود نے سات چھکوں چار چکوں کی مدد سے85ناٹ آوٹ رنز کی اننگز کھیلی تھی۔جواب میں پشاور نے 8وکٹ پر164رنز اسکور کئے۔ فاسٹ بولر سہیل تنویر نے14رنز کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔پولارڈ نےبھی تین وکٹ حاصل کئےمحمد حفیظ نے تیز کھیلنے کو کوشش کی لیکن ان کی اننگز رائیگاں گئی۔۔لیکن سہیل تنویر نے آخری اوور میں ڈاوسن اور حماد اعظم کو آوٹ کرکے بازی پلٹ دی۔محمد حفیظ نے41گیندوں پر56رنز بنائے۔ لائم ڈاوسن نے17گیندوں پر32رنز بنائے انہوں نے محمد حفیظ کے ساتھ 49رنز کی پار ٹنر شپ27 گیندوں پر قائم کی۔ پشاور زلمی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو 11 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔فلیچر کے بعد وکٹ کیپر کامران اکمل بھی زیادہ دیر کریز پر قیام نہ کرسکے اور محمد عرفان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ڈئوائن اسمتھ18رنز بناکر پولارڈ کا شکار بنے۔