دبئی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فیورٹ ملتان سلطانزکو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی اور پلے آف مرحلے میں جانے کے لئے اپنی امیدوں کو روشن کر لیا۔گذشتہ دو فائنل کھیلنے والی کوئٹہ نے چھٹے میچ میں تیسری کامیابی حاصل کی۔نوجوان حسان خان نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر پولارڈ کو مڈ وکٹ پرچھکا مارکر ناممکن کو ممکن بنادیا۔آخری اوور میں جیت کے لئے 9رنز کی ضرورت تھی۔فاسٹ بولرعمر گل اور شعیب ملک کی محنت رائیگاں گئی۔ ملک نے 65 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ عمر گل جو ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیل رہے تھے نے24رنز دے کر 6 وکٹ حاصل کئے۔یہ ٹورنامنٹ کی دوسری بہترین بولنگ ہے۔کوئٹہ نے ایک گیند پہلے ہدف آٹھ وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ملتان کو دوسری شکست ہوئی۔اب بھی وہ 9 پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر سر فہرست ہے۔حسان نے تین گیندوں پر9رنز بنائے۔ قبل ازیں کوئٹہ کے ٹاپ آرڈر بلے باز ہدف کے تعاقب میں وکٹیں گنواتے رہے۔میچ میں کوئٹہ کی پہلی وکٹ شین واٹسن کی صورت میں گری جو عمر گل کی گیند پر سیف بدر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسد شفیق کو بھی عمر گل ہی نے پویلین روانہ کیا۔کیون پیٹرسن کو امپائر نے نوبال پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا۔انہیں شعیب ملک کی گیند پر پانچ کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ دیا گیا۔رمیز راجا جونیئر نے 14 گیندوں پر 22 پر بنائے۔پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک 300 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےپانچ وکٹ پر152رنز بنائے۔شعیب ملک نے مشکل حالات میں ذمے دارانہ بیٹنگ کی۔شعیب ملک نے45گیندوں پر ناقابل شکست 65 رنز بنائے۔ان کی اننگز میں تین چھکے اورچار چوکے شامل تھے۔سرفراز احمد گیارہ رنز بناسکے۔ کوئٹہ کی جانب سے روسونے27رنز بنائے۔انور علی نے15رنز اسکور کئے۔