دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں شعیب ملک نے کپتان والی اننگز کھیلتے ہوئے ملتان کو مکمل تباہی سے بچایا۔ شعیب ملک نے32گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پانچ وکٹ پر152رنز بنائے۔ شعیب ملک نے45گیندوں پر65ناقابل شکست رنز تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے اسکور کیے ۔ کیرون پولارڈ نے15رنز چھ گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چکے کی مدد سے جوڑے۔ آخری دو اوورز میں 27رنز اسکور ہوئے۔ پشاور زلمی کے خلاف میچ کے ہیرو صہیب مقصود نے33 گیندوں پر27رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔ روز وائٹلی نے16رنز 16گیندوں پر اسکور کئے۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد اور کماراسنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد نواز نے پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کو پویلین واپس بھیج دیا جب کہ دوسرے ہی اوور میں انور علی نے احمد شہزاد کو بھی ایک رنز پر آؤٹ کرکے اس کیلئے مشکلات بڑھائیں ۔ سہیل تنویر کا صفر پر شین واٹسن نے کیچ ڈراپ کیا۔ لیکن پھر انہیں بولڈ کرکے اس کا ازالہ کردیا۔ سہیل نے15گیندوں پر19 رنز بنائے۔ ملتان کی تیسری وکٹ 41رنز پر گری۔ دس اوورز میں اسکور61رنز تھا۔