• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شعیب ،حفیظ،یاسر،کوچ کے ورلڈ کپ پلان کا حصہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کےہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آئندہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے انگلش کنڈیشنز کو سامنے رکھ کر بیس کھلاڑیوں کا پول بنا لیا ہے وقت آنے پر انہی میں سے 15 نام منظر عام پر لائوں گا۔ سلیکٹرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ میرے ذہن میں اپنا پلان موجود ہے کہ کن بیس کھلاڑیوں پر اگلے ایک سال کے دوران کام کرنا ہے۔ ابھی سے نام سامنے آنے سے کنفیوژن ہوسکتا ہے۔ تاہم حالات ، فٹنس اور فارم کو سامنے رکھتے ہوئے کھلاڑیوں میں معمولی ردو بدل کیا جاسکتا ہے ۔ وہ دبئی کے مقامی ہوٹل میں نمائندہ جنگ سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا معاملہ جلد سے جلد حل ہو جس کے بعد انہیں بھی پلان میں شامل کیا جائے گا اس وقت صرف بیٹسمین کی حیثیت سے محمد حفیظ کے نام پر سوالیہ نشان ہے۔ پول میں اس وقت محمد حفیظ اور شعیب ملک شامل ہیں۔ تاہم وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، خرم منظور، کامران اکمل ،عمر اکمل ، سلمان بٹ اور محمد سمیع اس پلان میں موجود نہیں ۔

حیران کن پیش رفت میں یاسر شاہ کو ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے میچ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شاداب خان کی فٹنس پوزیشن کو سامنے رکھتے ہوئے یاسر شاہ کو ون ڈے میچوں میں کھلایا جائے گا تاکہ وہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکیں۔1983میں انگلینڈ کے ورلڈ کپ میں جو رول عظیم عبدالقادر نے ادا کیا تھا وہی رول یاسر شاہ کو دیا جائے گا۔

یہ بھی تجویز ہے کہ اگر ٹیم انتظامیہ سمجھتی ہے کہ دو لیگ اسپنر کارآمد ہیں تو دونوں کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کو یاسر شاہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ٹی ٹین میں اچھی بولنگ کر چکے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں بھی وہ اچھی بولنگ کررہے ہیں۔ شاداب خان اس وقت کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں اس لئے شاداب خان کو بھی احتیاط سے استعمال کرنے اور یاسر شاہ کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کہا ہے کہ جلد سے جلد حفیظ کابولنگ ایکشن کلیئر کرایا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی میٹنگ میں انگلینڈ کے کیمپ کے لئے 21اور ورلڈ کپ کے لئے بیس کھلاڑیوں کی فہرست پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی سیریز کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے تمام کھلاڑیوں کا لاہور میں فٹنس ہوگا اس ٹیسٹ میں ٹیم انتظامیہ کو علم ہوگا کہ کون سا کھلاڑی کس قدر فٹ ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ایک سال باقی ہے میں چاہتا ہوں کہ جو کھلاڑی ہمارے پلان میں ہیں وہ اپنے فارم اور فٹنس کا خیال رکھیں ۔ ٹیم انتظامیہ کو علم ہے کہ ایک سال میں ہر کھلاڑی کو کتنا استعمال کرنا ہے اور کون سا کھلاڑی کس طرح کا رول ادا کرسکتا ہے۔ ورلڈ کپ انگلینڈ میں جون جولائی میں ہوگا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں کوشش کررہا ہوں کہ ہر کھلاڑی کو اس کی اہلیت کے مطابق موقع دوں ۔ کسی کھلاڑی سے نا انصافی نہیں ہوگی۔2015 میں آسٹریلیا نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان نے کوارٹر فائنل تک پہنچا تھا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ ممکنہ طور پر مکی آرتھر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا اس کے بعد اگر پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر کو رکھنا چاہتا ہے تو ان معاہدے میں دوسری بار توسیع کرنا ہوگا۔

مکی آرتھر کہتے ہیں کہ اس سال آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں ٹیسٹ میچ ہیں لیکن ہم انگلش کنڈیشن کو بہتر انداز میں استعمال کریں گے۔ حددرجہ مصدقہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ورلڈ کپ کے لئے بیس کھلاڑیوں کا پول سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، فخر زمان، احمد شہزاد، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان ، یاسر شاہ، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین، رومان رئیس، عثمان خان شنواری، اسد شفیق، جنید خان اور عماد وسیم پر مشتمل ہوگا۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین