• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کیخلاف 6 ماہ میں کچھ نہیں نکلا، 2 ماہ میں کیا ملے گاے، مریم نواز

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور رہنما ن لیگ مریم نواز نے کہا ہےکہ واجد ضیاءکے بیان جے آئی ٹی رپورٹ کا تیا پانچا ہوگیا، نواز شریف کیخلاف 6؍ ماہ میں کچھ نہیں نکلا ، 2ماہ میں کیا ملے گا ، پانچ ججز نے عدلیہ کو سیاسی پارٹی بنادیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر گفتگو اور فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کے گلے میں کینسر دوبارہ ہوگیا ہے ، میاں صاحب اپنی بیگم سے نہیں مل سکے، ہم نے ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ مانگا تھا لیکن ہمیں چند دنوں کا استثنیٰ بھی نہیں ملا ، ڈاکٹر بیگم کلثوم نواز کے مزید علاج کے لئے مشورہ کرنا چاہتے تھے، خواتین کسی بھی حیثیت میں ہوں ان کا احترام کیا جانا چاہئے۔ مریم نواز نے کہا کہ جے آئی ٹی والیوم 10 کو بڑے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا لیکن اس رپورٹ کا تیا پانچا ہو گیا ہے۔ دریں اثناء فیصل آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میڈیا کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا ہے کہ پانچ ججز نے ساری عدلیہ کو سیاسی پارٹی بنا دیا۔اعلیٰ عدلیہ نے نواز شریف کیخلاف فیصلے پر فیصلہ دیا، پہلے انھیں مافیا، گاڈ فادر اور ڈان کہا گیا پھر وزارتِ عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا، پاکستانی عوام اپنے وزیر اعظم اور ووٹ کی پرچی کی توہین کا بدلہ 2018ء کے الیکشن میں لیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا لیکن آپ کے لیڈر کیخلاف ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، چھ ماہ میں چھ روپے کی کرپشن نہیں ملی، جے آئی ٹی کے ہیرے نواز شریف کیخلاف کچھ ثابت نہیں کر سکے۔ ڈیڑھ سال کچھ نہیں نکلا تو اب دو ماہ میں کیا نکالو گے۔
تازہ ترین