• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جنگ نیوز

طاہر حبیب

ادبی ڈائجسٹ (12)

مدیر : ضیاء الرحمن ضیاء

صفحات : 132 ، قیمت : 150 روپے

ناشر : ادبی ڈائجسٹ پبلشرز، گلستان جوہر، کراچی

پاکستان میں زیادہ تر ادبی پرچے منتخب تحریروں ہی پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ بھی ایک طرح سے اچھی بات ہے کہ ایک ایسے قاری کو، جس کی نظر سے یہ تحریریں نہیں گزریں، پڑھنے کا موقع مل جاتا ہے۔ ادبی ڈائجسٹ کے اس شمارے میں فیض احمد فیض، ڈاکٹر جمال نقوی، مقبول جہانگیر، حمایت علی شاعر، جمیلہ ہاشمی، ش۔ م۔ جمیل اور دیگر کی تحریروں کا انتخاب شامل ہے۔ یہ پرچہ دبیز آرٹ پیپر پر شایع کیا جاتا ہے۔ طباعت خُوب صُورت اور متاثر کُن ہے، اس لحاظ سے قیمت نہایت مناسب ہے۔

پیہم خیال

مصنّف : مشتاق احمد قریشی

صفحات : 128، قیمت : ایک حسین مُسکراہٹ

ناشر : نئے اُفق گروپ آف پبلی کیشنز، عبداللہ ہارون روڈ، کراچی

مشتاق احمد قریشی نے اپنے اس شعری مجموعے کو مجموعۂ احساسات کا نام دیا ہے۔ چوں کہ جذبات اور احساسات بے ساختہ تھے، اس لیے ان کا اظہار بھی بے ساختہ ہی ہوا ہے، لیکن ان احساسات نے نظم کی شکل اختیار کرلی ہے، تو کہیں نثر میں ہیں۔ سرشار صدیقی کے بہ قول، شدّتِ جذبات کا اظہار کسی مخصوص فنی راستے کا پابند نہیں ہوتا، لہٰذا اس کلام کو عروض کے بکھیڑے میں پڑے بغیر دیکھنا چاہیے۔ کتاب کی طباعت و اشاعت واجبی سی ہے، لیکن ایک حسین مُسکراہٹ کے عوض ملے، تو شکوہ کس بات کا؟

عورتوں اور مَردوں کی نفسیات

تالیف: وقار عزیز

صفحات: 128، قیمت: 200 روپے

ناشر: ایشیا بُکس، مری روڈ، راول پنڈی

غالباً یہ کتاب مختلف انگریزی کتابوں کے تراجم کی مدد سے ترتیب دی گئی ہے۔اس قسم کی کتابوں کی اشاعت صرف تجارتی نقطۂ نگاہ سے کی جاتی ہے، علم و ادب کی خدمت کے حوالے سے نہیں۔بہرکیف، ایسے قاری موجود ہیں، جنہیں اس کتاب میں اپنی دِل چسپی کا عنصر مل سکتاہے۔ پیپر بیک شایع ہونے والی کتاب کی قیمت، طباعت اور کاغذ وغیرہ کے لحاظ سے بہت زیادہ ہے۔

ہجرت

مصنّف :عبدالمستقیم خان سروری ایڈووکیٹ

صفحات: 144، قیمت: 150 روپے

ناشر: نام درج نہیں

اس کتاب کا پورا نام ’’اجمیر راجستھان، بھارت سے حیدرآباد، سندھ پاکستان ہجرت‘‘ ہے۔ صاحبِ کتاب نے اپنے ذاتی مشاہدات کے حوالے سے اپنے آبائی شہر سے پاکستان ہجرت کا احوال قلم بند کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے مختلف اخبارات میں شایع ہونے والے کچھ مضامین بھی کتاب میں شامل کردیئے ہیں۔اس طرح یہ کتاب کچھ کی کچھ ہوگئی ہے۔ لیکن بہرحال، کتاب کے مطالعے سے قیام ِپاکستان سے پہلے اور بعد کے کچھ واقعات کی عکّاسی ہوجاتی ہے۔کتاب کی اشاعت اور طباعت واجبی سی ہے، پروف کی بے شمار غلطیاں ہیں حتٰی کہ راجستھان کی املا بھی تین چار طرح سے لکھی گئی ہے۔

تاجکستان کا سفر

مؤلف :محمّد رئیس خان ایڈووکیٹ

صفحات: 150، قیمت: 200 روپے

ملنے کا پتا: اوورسیز پاکستانیز ٹرسٹ، پیراڈائز چیمبر، صدر، کراچی

اس کتاب میں مؤلف نے تاجکستان کے سفر سے متعلق اپنی یادداشتیں قلم بند کرنے کے علاوہ تاجکستان کا سفر اختیار کرنے والوں کےلیے اہم اور ضروری معلومات بھی فراہم کردی ہیں۔ جن میں کاروبار کے مواقع، فرم رجسٹریشن اور ویزے وغیرہ کی معلومات بھی شامل ہیں۔ کتاب کا نصف سے زائد حصّہ انگریزی میں ہے، مؤلف کے مطابق یہ کتاب بذریعہ خط مفت بھی منگوائی جاسکتی ہے۔

موت میری دہلیز پر

(تعزیت نامے)

مصنّف: خشونت سنگھ

متّرجم: ضیاء کیانی

صفحات: 240، قیمت: 390 روپے

ناشر: کتاب نما، کورٹ ویو اپارٹمنٹ، کورٹ روڈ  ،کراچی

یہ مشہور بھارتی صحافی خشونت سنگھ کی کتاب "Death At My Doorstep"کا ترجمہ ہے۔ جس میں مصنّف نے موت کے بارے میں مختلف آرا بیان کرنے کے علاوہ اپنےان احباب کے بارے میں لکھا ہے، جو موت سے ہم کنار ہوئے۔ ان میں زیادہ تر بھارتی شخصیات ہیں، لیکن چار پانچ پاکستانی شخصیات کا بھی تذکرہ ہے۔ایک لحاظ سے یہ ان شخصیات کی مختصر سوانح بھی ہے۔ متّرجم نے کتاب کے تیسرے اور آخری حصّے میں خشونت سنگھ کے بارے میں چند پاکستانی کالم نویسوں کے کالم بھی شامل کردیئے ہیں، جن سے کتاب کی معنویت بڑھ گئی ہے۔ کتاب اچھے انداز میں شایع ہوئی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین