اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے زرداری ہائوس میں طویل اجلاس ہوئے جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضا گیلانی ، نئیر حسین بخاری ، شیری رحمان ، ڈاکٹر قیوم سومرو اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ آصف علی زرداری نے ان اہم عہدوںکیلئے پارٹی کے مختلف امیدواروں کے حوالے سے صلاح مشورہ کیا ابھی تک پیپلز پارٹی کی طرف سے سلیم مانڈی والا کے علاوہ رضا ربانی اور بلوچستان سے صادق سنجرانی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان سے منتخب ہونے والے چھ سینٹروں کے ہمراہ زرداری ہائوس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور ان سے عمران خان کی طرف سے 12 سینٹروں کو ان کی صوابدید پر دینے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینٹ کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی استدعا کی اور صادق سنجرانی اور انوارکاکڑ کے نام پیش کیے۔ ذرائع نے بتایا اگر پیپلز پارٹی کے اپنے امید وار کی کامیابی مشکوک ہوئی تو پھر صادق سنجرانی کانا م قابل قبول ہو گا ۔