• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکلات کم ہوں یا زیادہ، نواز شریف دھونس، دھرنوں، سازشوں سے پیچھے ہٹنے واالا نہیں، مریم نواز

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے قائدنوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ چھپ کر وار کرنے والے گیدڑ ہوتے ہیں اور ان گیدڑوں کے بزدلانہ واروں کو سینے پرسہنے والا نوازشریف ہوتاہے، گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، نوازشریف دھرنوں سے پیچھے ہٹا نہ سازشوں سے، اب مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں ، ایک مذمتی بیان سے سمجھتے ہوکہ لوگ تمہیں معاف کردیں گے، تمہارے پاس ووٹ ڈالنے کے لئے انگوٹھے کی طاقت نہیں، 2018میں انگلی کی سیاست کرنے والوں کودفن کردیں گے۔ نوازشریف بکتاہے نہ بکنے دیتاہے اقتدار کی نہیں اقدارکی سیاست کرتاہے، نوازشریف کے اثاثے مت دکھائو، یہ بتائو کہ کرپشن کہاں کی، ان کے اثاثے بتاتے ہو تو سب کے بتانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیغٓم دو کہ مشکلات کم ہوں یا زیادہ آپ کا لیڈر دھونس، دھرنوں، سازشوں، فتنوں سے پیچھے ہٹا نہ وہ اوچھے ہتھکنڈ وں سے گھبرائے گا۔ مریم نواز نے ترازو لہراتے ہوئے کہا کہ انصاف کے ترازو کا ایک پلڑا لاڈلے کے وزن کی وجہ سے جھکا ہوا ہے۔ اتوارکوفوارہ چوک راولپنڈی میں سوشل میڈیاورکرزکنوشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف سے عشق کرنے والو۔ آپ کے دل کو چوٹ لگی ہے غصہ سے آپ کو دکھ ہے لیکن یادرکھو۔ پنڈی والو۔ گیدڑوں کے ڈرسے شیروں کے قافلے نہیں رکتے۔ نوازشریف کی مقبولیت سے خوف کھانے والوں جن اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے مگر اس سے چاہنے والوں کی تعداد اورعشق میں اضافہ کردیاہے، پنڈی کے شیرو آپ کا لیڈر نوازشریف بہادرآدمی ہے۔ شجاع ہے اور شیر ہے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جرأت سے بات کرتاہے۔ میں بھی اس بہادر آدمی کی بیٹی ہوں بطوربیٹی آج صبح میرے دل کو تکلیف اور دکھ پہنچا مگر پھرمجھے اسلامی کتابوں میں موجود منظریاد آگئے آنحضرتؐ جب خانہ کعبہ میں نماز ادا کیا کرتے تھے اور حضرت فاطمہؓ الزہرہ نبی آخر الزماںؐ پر پھینکی جانے والی اشیا اٹھاتی جاتی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اس کا والد نوازشریف حق کے راستے پر ہے۔ آخری نبیؐ کا غلام ہے حق کے راستے پر ہے، حق کے راستے پر مشکلات آتی ہیں گھبرائیں نہیں اوچھے ہتھکنڈوں پر اترنے والوں کو پیغام دو کہ مشکلات کم ہوں یا زیادہ آپ کا لیڈر دھونس، دھرنوں، سازشوں، فتنوں سے پیچھے ہٹا نہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرائے گا، جب مخالفین کو ان کی ناکامی نظرآگئی ہے تو وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں جب دلیل، منطق ختم ہو جا تی ہے تواوچھے ہتھکنڈے شروع ہوجاتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ شکست برداشت کرنے کے لئے بہت بڑا ظر ف اور حوصلہ چاہیے ظرف اچھے طریقے سے تسلیم کرنے کے لئے ہوتاہے جو مخالفین کے پاس نہیں ہے۔ گھٹیاحرکتیں ہمیشہ شکست کھانے والا کیا کرتاہے جسے اللہ فتح سے نواز رہا ہوتا وہ یہ حرکتیں نہیں کرتا، ڈٹ کر اور سینہ تان کر کھڑا ہوتا ہے مریم نواز نے للکارتے ہوئے کہا ہمت ہے تو آئو۔ چند گھنٹوں بعد آپ کے سامنے کھڑی ہوں بلٹ پروف گلاس بھی ہٹادیا ہے۔ نواز شریف اور اس کے چاہنے والوں کے درمیان کوئی نہیں آسکتا۔ مریم نواز نے نوازشریف کے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نہایت ڈرپوک ہو ہی چھپ کر وار کرتے ہو، سیاسی میدان، الیکشن میں، سوشل میڈیاپر، ووٹ کے میدان میں مقابلہ کرو، ایک مذمتی بیان جاری کرکے عمران بچ نہیں سکتا، کنٹینر پر چڑھ کر پاکستان کی سیاسی تاریخ کی گندی زبان شرمناک کلچرکو کس نے رواج دیا؟مریم نواز نے کہا کہ یاد رکھو اس انسان کے نام لینے کی ضرورت نہیں جس کانام دور دور نہیں ہے جن کی نہ سوچ اپنی اورفیصلے اپنے، اورنہ زبان اپنی پھرکیاوہ آپ کا لیڈرکہلانے کا حق دار ہوسکتاہے؟ راولپنڈی والو نے اسے منتخب کیا مگر کیا آپ کی غمی اور خوشی میں آپ کاحال پوچھا؟ اگروہ جیتاتھا تو حلقے اس کی ذمہ داری تھی ووٹ ملا مگرخدمت کس نے کی؟ ووٹ کی ذمہ داری کس نے سنبھالی؟ میٹروبس، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور فلاحی ادارے بنانے میں کس کا ہاتھ ہے۔ بجلی کس نے دی؟ سی پیک، موٹرویز اور گیس کون لایا، پاکستان کو ایٹمی قوت کس نے بنایا؟ مجھے اندازہ ہے ترازو کا پلڑا جس کابڑا ہے انصاف کے ترازو کے ہلکے پلڑے میں لاڈلہ بیٹھا ہے اس کو استعمال کرکے لاڈلے کا وزن ڈال کر نوازشریف کے ساتھ ظلم ہوا، زیادتی ہوئی۔ بیٹوں سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا۔ لاڈلہ منی ٹریل نہیں دے سکا، آف شور کمپنی نکل آئی، گھر کے کاغذات جعلی نکلے۔کیساانصاف ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا کنونشن کے شرکاء سے استفسار کیا کہ کیاآپ اس انصاف کو مانتے ہیں؟ لاڈلے پراحسانات کو مانتے ہو۔ نوازشریف کے خلاف دو سال سے مقدمات چل رہے ہیں ، دوبارسپریم کورٹ مقدمہ چلاچکی ہے جے آئی ٹی کے ہیروں کوجانتے ہو۔ قومی خزانہ سے پیسے دے کر اپنے رشتہ داروں کو نوازنے والے بھی تفتیش کرتے رہے سپریم کورٹ نے نیب کورٹ کو چھ ماہ کا وقت دیا۔ مگرچھ ماہ میں بھی نیب چھ روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکی۔ نوازشریف کے خاندان کے اثاثے مت دکھائو۔ اگرپانچ روپے کی بھی کرپشن ہے تو وہ دکھائو۔ اکیلئے نوازشریف کے اثاثے مت دکھائو سب کے اثاثے سامنے لائو۔ نوازشریف حق و سچ کے راستے میں، ووٹ کی پرچی کےتقدس کی جنگ، جمہوریت کے لئے اور آئین کی بالادستی کے لئے لڑرہاہے۔ فکرنہ کروہم اس جنگ کا نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتے ہیں انشااللہ وہ فتح دے گا، مریم نواز نے کہا کہ جب ہم سوشل میڈیاکنونشن کرتے ہیں تو شہرکی شاہراہیں، گلیاں اور محلے چھوٹے پر جاتے ہیں مخالفین بھی نقل کرتے ہیں مگرکمرے میں کرسیاں خالی نظرآتی ہیں مخالفین کاکہناہے کہ ن لیگ والے ان کی کاپی کرتے ہیں آنکھ کھولواور شیروں کاسمندردیکھو۔ مریم نواز نے عمران خان کا نام لئے بغیرکہاکہ تمہارے پاس بتانے کے لئے ہے ہی کیا؟ تمہارے پانچ سالہ دور نے کیاکمال دکھایامریم نواز نے کہا کہ بیانیہ خالی الفاظ نہیں ہوتے اس کے پیچھے دن رات کی انتھک محنت، ترقی، کام، عوامی خدمت، نظریہ اور بہادری ہوتی ہے رواداری اور اچھی سیاست ہوتی ہے تمہارے پاس لوگوں کوبتانے کوکیا ہے۔ تمہارے اس جھوٹ پے جھوٹ، بہتان تراشی، الزامات کی سیاست، کیچڑاچھالنے کی سیاست، انگلی کے اشارے اور سازشوں کے جال ہیں۔ تمہارے مقابلے میں نوازشریف نہ بکتا ہے نہ بکنے دیتاہے نہ خریدتاہے اورنہ ہی خریدنے کی اجازت دیتاہے۔ مریم نواز نے کہاکہ لیڈروہ ہوتاہے جو نہ اپناسوداکرتاہے نہ اپنے لوگوں کاسوداکرتاہے نہ کسی کو خریدتا ہے اور نہ اپنے بیچتاہے13سنیٹروں کوقدموں میں ڈالنے والے کہاں کھڑے ہیں سنیٹرزنہیں بیچے ووٹ کی پرچی کو گروی رکھا ہے ان کااحترام نہیں کیا۔ مریم نواز نے کنونشن کے شرکاء سے وعدہ لیا کہ وہ بحالی عدل جنگ میں نوازشریف کاساتھ دیں گے نوازشریف کے پرچم کے نیچے چلیں گے۔ ووٹ کی پرچی کی توقیر کرائیں گے اورپانچ افراد کو اس بات کی ہرگزاجازت نہ دیں گے کہ وہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر کروڑوں عوام کے منتخب وزیراعظم کوگھربھیج دیں 2018،ء کے انتخابات میں ووٹ کاتقدس پامال کرنے والوں کو دفن کردوگے۔ نوازشریف کے امیدواروں کو جتوائوگے۔ اس موقع پر سوشل میڈیا ونگ میں شامل ہونے والے نئے نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہدایت کی کہ مہذب طریقے سے، محبت سے، ووٹ کاتقدس بحال کرنا ہے۔ اقدار کی سیاست کرنی ہے، پیار، محبت اور جمہوریت کی بالاد ستی سے جواب دیناہے۔تقریب کے اختتام پرسوشل میڈ یاورکرز سے حلف لیاگیا۔ جس میں کہاگیاکہ سچے دل سے اللہ تعالیٰ کو حاضروناظرجان کر سوشل میڈیاپلیٹ فارم سے عہد کرتاہوں کہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیاپر کسی خلفشار پیداکرنے والوں کی سرگرمیاں کاحصہ نہیں بنوں گا۔ نوازشریف کے نظریے کوآگے بڑھائوں گا۔ ن لیگ کا وفادار رہوں گا۔ اس موقع پرمریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کے خون میں وطن سے وفاداری شامل ہے۔ مریم نواز نے کنونشن کے اختتام پر خود نعرے لگوائے۔ انہوں نے ووٹ کو عزت دو۔ پنڈی زندہ باد ،شیرزندہ باد، نوازشریف، شہباز شریف زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائےگئے۔
تازہ ترین