مردان (نمائندہ جنگ ) مردان کے علاقہ باجوڑو کورونہ میں ایک روز قبل گھر سے لاپتہ ہونے والے بچے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ۔ بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے پولیس کے مطابق بچے کو گلے میں پھندا ڈال کر ہلاک کیاگیا ہے ۔مقتول بچہ حارث ولد وحید جس کی عمر سات سال بتائی جاتی ہے گزشتہ روز گھر سے نکل کر غائب ہوگیا جس کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ شیخ ملتون ٹاون میں درج کی گئی تاہم اگلے روز اتوار کو گھر کے قریب ایک کھنڈر سے اس کی لاش ملی جسے ایک بوری میں بند کرکے پھینک دیا گیا تھا بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دی گئی جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کوگلے میں پھنداڈال کر قتل کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے موقع پر لاش سے سمپلز لیکر فارنزک رپورٹ کے لئے باچا خان میڈیکل کالج کی متعلقہ لیبارٹری ارسال کئے گئے ۔ جہاں سے رات گئے رپورٹ موصول ہوئی جس میں بتا گیا ہے کہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ بچے کے اندوہناک قتل کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگوں کی کثیر تعداد کے علاوہ ضلع ناظم حمایت مایار بھی ہسپتال پہنچ گئے اس موقع پر میڈیا کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ضلع ناظم نے کہا کہ بچوں کیساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعات تشویش ناک ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ مقتول بچے حارث کا باپ سبزی منڈی میں دیہاڑی پرمزدور ہے اور ان کی کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ شیخ ملتون پولیس نے نامعلوم قاتلوں کے خلاف رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔ ۔ادھر پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین اور اہلیان علاقہ نے مسیتی پھاٹک میں بچے کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کمسن حارث کے اندوہناک قتل کے واقعے کا سراغ لگانے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔