• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی کمیونٹی کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ’’بیسٹ آف تھری سیریز‘‘ کا انعقاد

جنگ نیوز

شفقت علی رضا

نمائندہ جنگ،اسپین

 اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی آپس میں تعلقات مضبوط رکھنے کے لیے کھیل اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کراتی رہتی ہے،اسی طرح بارسلونا میں ویسے تو کرکٹ بہت تیزی سے فروغ پا رہا ہے، لیکن تعلقات میں مضبوطی کے برخلاف اُسی تیزی سے پاکستانی کمیونٹی کے درمیان چھوٹے چھوٹے اختلافات بھی بڑھتے جا رہے ہیں ۔ گروپ بندی کی زد میں آئی ہوئی پاکستانی کمیونٹی اِس انتظار میں تھی کہ مختلف فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے نمائندگان کسی ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو جائیں ۔

اِن اختلافات کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن میدان میں آگئی ۔ کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے فیصلہ کیا کہ پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور صحافتی حلقوں کے سر کردہ افراد کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور اُن کے مابین کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے ۔ لہذا چالیس سال سے زیادہ عمر کے افراد پر مشتمل دو ٹیمیں بنائی گئی ہیں ،جو ’’کاتالونیا گرین ‘‘ اور ’’کاتالونیا بلیو ‘‘ کے نام سے میدان میںاُتریں گی ۔

پاکستانی کمیونٹی کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ’’بیسٹ آف تھری سیریز‘‘ کا انعقاد
کاتالونیا گرین کے کپتان امانت مہر، نائب کپتان عمران ملک اور دیگر کھلاڑیوں کاونر ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو

ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے رنگین یونیفارمز کا انتظام کیا گیا ہے جس پر کھلاڑی کا نام اور اس کا پسندیدہ یا لکی نمبر لکھا گیا ہے ۔کاتالونیا بلیو کے کپتان سلمان گوندل اور نائب کپتان واصف نزیر بجاڑ ہیں جبکہ’’ کاتالونیا گرین‘‘ کے کپتان امانت مہر اور نائب کپتان ملک عمران ہیں ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچ یعنی ’’ بیسٹ آف تھری ‘‘ کھیلے جائیں گے ۔کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے ان میچوں کے لئے بارسلونا کے کرکٹ گراونڈز کا اہتمام کیا ہے ۔پاکستانی کمیونٹی نے فورٹی پلس کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو اتفاق واتحاد کی خوبصورت کوشش قرار دیا ہے ۔

اس موقع پر روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے ’’ کاتالونیا بلیو ‘‘ کے کپتان سلمان گوندل نے کہا کہ ایسی صحت مندانہ سرگرمیاں جہاں پاکستانیوں میں اتفاق و اتحاد کا باعث بنیں گی ،وہیں یہ مقامی کمیونٹی کے لئے پاکستانیوں کی جانب سے مثبت پیغام بھی ہوگا ۔’’کاتالونیا گرین ‘‘ کے کپتان امانت مہر کا کہنا تھا کہ ان میچوں میں مسئلہ ہار یا جیت کا نہیں ہے بلکہ یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی قوم عمر کے ہر حصے میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رکھنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح اسپین میں کرکٹ کے فروغ کو تقویت ملے گی ۔ 

پاکستانی کمیونٹی کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ’’بیسٹ آف تھری سیریز‘‘ کا انعقاد

کاتالونیا بلیو کے نائب کپتان واصف نزیر بجاڑ نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی میں زیادہ بڑے اختلافات نہیں ہیں کبھی کبھی اختلاف رائے ہو جاتا ہے جو زندگی کا ایک حسن ہے لیکن یہ کرکٹ ٹورنامنٹ ان اختلافات کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔ نائب کپتان کاتالونیا گرین ملک عمران نے کہا کہ جب بزرگ اسپین کے میدانوں میں کرکٹ کھیلیں گے تو ہماری نوجوان نسل خودبخود کرکٹ کی جانب راغب ہوگی ۔ کاتالونیا گرین کے سعید بٹ نے کہا کہ اس طرح کی معاشرتی اور صحت مندانہ سرگرمیاں ہمارا اور ہمارے ملک کا سافٹ امیج پیش کرنے کا بہترین زریعہ ثابت ہو سکتی ہیں ۔ 

کاتالونیا بلیو کے عبدالغفار مرہانہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کے بعد کرکٹ کی نیٹ پریکٹس کی تو محسوس ہوا کہ ہم ابھی بالکل نوجوان ہیں اور اپنے آپ کو پچیس سال پہلے والے گراونڈز میں محسوس کررہے ہیں ۔

پاکستانی کمیونٹی کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ’’بیسٹ آف تھری سیریز‘‘ کا انعقاد
فورٹی پلس ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بارسلونا کی ٹیموں کاتالونیا گرین اور کاتالونیا بلیو کا گروپ فوٹو

کاتالونیا گرین اور کاتالونیا بلیو کے کھلاڑی اپنی اپنی جیت کے لئے روزانہ پریکٹس کر رہے ہیں ،کھلاڑیوں میں شامل طارق بھٹی ، شاہد احمد ،عدنان ملک ، بابر تارڑ ، راجہ خالق ،محسن شاہ ، ممتاز دانش ، نعیم بھٹی شیراز خان اور دوسرے تمام کھلاڑی اپنی ٹیم کی جیت کے لیے کوشاں ہیں، جب کہ شائقین کرکٹ اور پاکستانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ زیادہ نہیں تو کم از کم تین گھنٹے کے لئے کرکٹ گراونڈ میں تو مختلف شعبوں سے تعلق اور اختلاف رائے رکھنے والے پاکستانی ایک میدان میں اکھٹے ہوں گے، جہاں نو بال ، وائڈ بال ، آوٹ ، ناٹ آوٹ ، رنز ، ایل بی ڈبلیو ، کیچ اور ففٹی ،سنچری کی بات ہو گی ۔ ایسی بات نہیں ہو گی کہ وہ کیوں آیا ؟ 

اگر وہ آیا تو میں نہیں آ وں گا وغیرہ۔ بہر حال کچھ بھی ہے پاکستانیوں کی تفریح ، اتفاق واتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لئے یہ ایک انتہائی سنجیدہ اور اچھی کوشش ہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین بیسٹ آف تھری کی پہلی سیریز کھیلی گئی جس کے لئے مقامی گروانڈ مونجوئیک کرایہ پر حاصل کیا گیا ، منجوئیک گراونڈ اولمپکس سٹی میں واقع ہے جہاں 1992کے بارسلونا اولمپک منعقد ہوئے تھے ۔

پہلے میچ میں کاتالونیا گرین نے ٹاس جیت کر کاتالونیا بلیو کو بیٹنگ کی دعوت دی ، موسم کی خرابی کی وجہ سے میچ 15اوورز پر مشتمل تھا ۔ کاتالونیا بلیو نے پہلے کھیلتے ہوئے کاتالونیا گرین کے لئے 135کا ٹارگٹ کا پہاڑ کھرا کر دیا ۔ بلیو کی جانب سے محمد طارق اور مرزا بشارت نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا ۔

پاکستانی کمیونٹی کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ’’بیسٹ آف تھری سیریز‘‘ کا انعقاد
مہمانِ خصوصی عابد رحمان رانجھا، کھلاڑیوں سے ملاقات کررہے ہیں، دوسری جانب دونوں کپتان ٹرافی کے ہمراہ

گرین سائیڈ کی ٹیم نے مقررہ ہدف 14ویں اوور میں حاصل کر کے میچ جیت لیا، گرین کی جانب سے رانا ندیم ، محسن خان ، چوہدری ثاقب علی ،عدنان نے بہترین بلے بازی کی ۔ ایک ہفتے بعد اسی گراونڈ میں دوسرا 40پلس ٹی ٹونٹی میچ کھیلا گیا جس میں ٹاس ایک بار دوبارہ سے گرین نے جیتا اور بیٹنگ کی دعوت بلیو کو دے دی بلیو نے مقررہ بیس اوورز میں 128رنز کا ٹارگٹ دیا جو گرین نے میچ کی سیکنڈ لاسٹ بال پر حاصل کر لیا اور دوسرا میچ جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی ۔

گرین کے کپتان امانت حسین نے ٹرافی وصول کی اور اچھا کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔اس سیریز کا مقصد ہار جیت نہیں تھا بلکہ نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا تھا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لئے میدانوں کی طرف آئیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین