عرفان صدیقی
(نمائندہ جنگ ،ٹوکیو ،جاپان)
جاپان ،دنیا کے اُن چند پر امن ترین ممالک میں سے ایک ہے، جہاں قانون کی عملداری سب سے زیادہ سمجھی جاتی ہے، جہاں جرائم کی شرح شاید دنیا کے کئی ممالک سے کم ہی ہو، تاہم ایسا بھی نہیں ہے کہ یہاں جرائم ہوتے ہی نہ ہوں۔ یہاں بھی جیلیں ،پولیس اور تھانے موجود ہیں ،لیکن فرق صرف یہ ہے کہ یہاں قانون کی عملداری بہت زیادہ ہے، پولیس بہت فعال اور شہری بھی پر امن اور اپنے کام سے کام رکھنے والے ہیں۔ تعلیم کا تناسب بھی تقریباََ سو فیصد ہے، جس کے سبب جاپان میں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن جاپان کی جیلوں میں ملزمان بھی موجود ہیں۔ پولیس بھی روز ہی چوروں اور غیر قانونی دھندوں میں ملوث ہونے والوں کو گرفتار کرتی ہے ، تاہم گزشتہ دنوں جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے ساتھ پیش آنے والے چوری اور اغواء کے پے درپے واقعات نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں بے چینی پیدا کردی ہے جبکہ اس واقعے پر پاکستانی سفارت خانے نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھے اور اغواء اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ۔
اس حوالے سے گزشتہ دنوں ’یاماناشی‘ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے رانا عابد حسین کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور سینئر نائب صدر ملک یونس نے کی ،اس موقعے پر بات چیت کرتے ہوئے ،ن لیگ جاپان کے صدر ملک نوراعوان نے کہا کہ جاپان میں مقیم دس ہزار سے زائد پاکستانی اپنے اہل خانہ سے دور جاپان میں اس اطمینان کے ساتھ مقیم ہیں کہ یہاں ہمارا جان و مال محفوظ ہے اور پاکستان میں ہمارے اہل خانہ بھی اس بات پر اطمینان رکھتے ہیں کہ جاپان جیسے پر امن ملک میں ہمارے بچے محفوظ ہیں ،تاہم گزشتہ چھ ماہ کے دوران سینئر پاکستانی اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے ساتھ جس طرح تسلسل کے ساتھ چوری اور اغواء کے واقعات رونما ہوئے ہیں اس سے ہمارے اعتماد کو شدید جھٹکا لگا ہے کہ ایک آدمی کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے اور وہ آدمی مسلسل پولیس کو اپنے ساتھ ہونیو الے واقعات کی نشاندہی بھی کررہا ہے تاہم اس کے باوجود دوبارہ چوری ہوتی ہے اور اب اسے اغواء کرلیا جاتا ہے اور پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے، یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے ہماری جاپانی حکومت اور پولیس سے درخواست ہے کہ رانا عابد حسین کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے اور ان کے گھر میں ہونے والے چوری اور اس میں ملوث افرادکو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔اس موقعے پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے رانا عابد کے اغواء برائے تاوان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ،جاپان میں امن اور قانون کی عملداری کی مثالیں دیتی ہے ،لیکن گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت اور ایک کاروباری تنظیم کے صدر رانا عابد حسین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے پاکستانی کمیونٹی اور جاپان میں مقیم غیر ملکیوں کے اعتماد میں کمی واقع ہوئی ہے جاپانی حکومت اور پولیس کو چاہیے کہ ان واقعات میں ملوث پاکستانی یا جاپانی مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور جاپان میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں ،ملک یونس نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو ناگویا کے میئر اور پولیس کے اعلی حکام کے سامنے اس اہم مسئلے کو اٹھانا چاہیے جس کے لیے سفارت خانہ پاکستان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ رانا عابد حسین پاکستان کے معزز شہری ہیں اور جاپان میں رہائش کے تمام قانونی تقاضے بھی پورے کررہے ہیں ان کو بھی جاپان میں رہائش اور کاروبار کی اتنی ہی آزادی ہے جتنا کسی اور غیر ملکی کو ہونی چاہے اور انھیں بھی اتنا ہی تحفظ ملنا چاہیے جتنا ایک جاپانی یا ایک غیر ملکی کو حاصل ہے ۔ہمیں ان کے ساتھ پے درپے پیش آنے والے واقعات پر تشویش ہے اور ہم اس معاملے کو جاپانی حکومت کے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے تاکہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے ۔ اس موقعے پربازیاب ہونے والے ناگویا میں مقیم سینئر پاکستانی اور پاک جاپان بزنس کونس کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ جس طرح جاپان میں پاکستانی کمیونٹی نے اس مشکل وقت میں ان کاساتھ دیا ہے اس پر انھیں پاکستانی ہونے پر فخٰر محسوس ہوتا ہے جبکہ جس طرح سفارت خانہ پاکستان نے ان کے لیے آواز بلند کی ہے اس کے لیے جاپان میں پاکستانی سفیر کے شکر گزار ہیں اور وہ چاہتے ہیںکہ نہ صرف مجرمان گرفتار ہوں بلکہ انھیں میڈیا کے سامنے بھی لایاجائے جبکہ وہ یہ بھی چاہتے ہیںکہ کسی بھی پاکستانی کے ساتھ اس طرح کی غیر قانونی حرکت کا ارتکاب ہوتو اسی طرح پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی سفارت خانہ اُس پاکستانی کے ساتھ کھڑے ہوں اور اسے احساس دلایا جائے کہ وہ اکیلا نہیں ہے بلکہ پوری قوم اس مشکل وقت میں اس کے ساتھ ہے ۔دوسری جانب جاپانی پولیس بھی اب کیس کے منطقی انجام تک بڑھ رہی ہے اور اس نے رانا عابد حسین کے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور ملزمان کی تصاویر بھی حاصل کرلی ہیں اور توقع ہے کہ عنقریب ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ،عموماَََ جاپانی پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگاتی تاہم جب بات ہو پورے گینگ کو پکڑنے کی تو پولیس کی تفتیش بھی طویل ہوتی ہے، توقع ہے کہ ملزمان جلد گرفتار ہوں گے اور جاپان میں مقیم پاکستانی اطمینان کا سانس لے سکیں گے۔