• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پاکستان کا حصہ، دہشت گردی، انتہاپسندی برداشت نہیں، امام کعبہ

کشمیر پاکستان کا حصہ، دہشت گردی، انتہاپسندی برداشت نہیں، امام کعبہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اما م کعبہ الشیخ ڈاکٹر صالح بن طالب نے کشمیر کو پاکستان کا حصہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھا ہے۔ اما م کعبہ نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہائی پسندی کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا اور ان برائیوں کو اسلام سے نہیں جوڑنا چاہیے ۔انہوں نے دہشت گردی اور تفرقہ بازی کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر مملکت ، وزیر اعظم ، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ ،اسپیکر سردار ایاز صادق سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں گفتگو اور اسلامی یونیورسٹی میں خطاب کے دوران کیا۔امام کعبہ سے ملاقات میں صدر مملکت ممنون حسین نے عالم اسلام کے مختلف حصوں میں بد امنی اور عدم استحکام کے شکار عوام کی مدد اور بحالی کے لیے ایک نظام کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب سمیت پورے عالم اسلام کو سرگرمی سے کام کرنا چاہیے، پاکستان اور سعودی عرب تمام عالمی اور علاقائی امور پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں پاکستان سعودی حکومت کے وژن 2030 کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ امام کعبہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ محض ایک سفارتی رشتہ نہیں ہے بلکہ ایمان کا رشتہ ہے اور پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے اور دونوں ممالک کے مقاصد یکساں ہیں ۔ امام کعبہ نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملاقات کی انہوں نے خطے میں امن کے قیا م اور ملک اور اس سے باہر دہشت گردی کے نا سور کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کا وشو ں کو سراہا ۔ اسپیکر اسمبلی سے گفتگو کر تے ہو ئے اما م کعبہ نے اپنے پا کستان کے دورے پر انتہا ئی خوشی کا اظہا ر کیا اور کہا کہ پا کستان اور سعودی عرب کے عوام دائمی رشتوں میں بندھے ہو ئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی گزشتہ روز امامہ کعبہ الشیخ ڈاکٹر صالح بن طالب سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ امام کعبہ پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور دیگر سعودی شخصیات کے ہمراہ وزیراعظم آفس پہنچے تو وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔ امام کعبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کی بہت عزت و تکریم کرتے ہیں، دل سے احترام کرتے ہیں اور ان کے دورہ پاکستان کو باعث عزت و افتخار سمجھتے ہیں۔ مسلم امہ کو درپیش علاقائی چیلنجز اور صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے خطے میں امن کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔قبل ازیں امام کعبہ صالح بن آل طالب نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں ’قرآن و سنت کی روشنی میں میانہ روی کی ترویج و اشاعت : پاکستان اور سعودی عرب کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ امام حرم نے اپنی تقریر میں پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی افرادی قوت کا امت مسلمہ کی ترقی میں کردار مثالی ہے اور پاک سعودی تعلقات بے مثال اور مضبوط ترین ہیں۔

تازہ ترین