• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،ملتان اور پشاور میں پلے آف کیلئے دوڑ تیز

  شارجہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیےکانٹے کا مقابلہ ہے ۔ ان میں سے ایک ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔ ٹیموں کو آخری لیگ میچوں میں اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر رکھنا ہوگی۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم زخمی ہیں جبکہ انگلینڈ کے اوئن مورگن نے پیر کو ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ وہ نیوزی لینڈ میں مصروف تھے۔ توقع ہے کہ مورگن اگلا میچ کھیلیں گے۔ اسلام آباد کے نائب کپتان اور فاسٹ بولر رومان رئیس ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی تکلیف سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔ عمر گل نے پیر کو نیٹ پر بولنگ کی ۔عمر گل نے کوئٹہ کے خلاف چھ وکٹ لینے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کو ایونٹ میں 2 اور 3 میچ مزید کھیلنے ہیں۔ ملتان سلطانز کو ایونٹ کے اگلے مرحلے میں کوالی فائی کرنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش ہوگا جہاں صرف جیت ہی اسے پلے آف مرحلے میں پہنچا سکے گی۔ ملتان سلطانز کی شکست کی صورت میں ایونٹ میں پشاور زلمی کی صرف ایک شکست کا انتظار کرنا پڑے گا، جس کے دو میچ ابھی باقی ہیں تاہم اس کی دونوں میچوں میں کامیابی کے بعد ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کی اس کے بقیہ میچوں میں شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے 9، 9 پوائنٹس ہیں تاہم کراچی کنگز اپنے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت تیسرے اور ملتان سلطانز چوتھے نمبر پر ہے۔ اعزاز کا دفاع کرنے والی ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی کے صرف 6 پوائنٹس ہیں اور اس کے 2میچز باقی ہیں، اور دونوں ہی میچوں میں فتح کی صورت میں پشاور زلمی پلے آف مرحلے کی دوڑ میں شامل ہوجائے گی۔
تازہ ترین