پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری جیسے جیسے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے،اس کے میچز سنسنی خیز ہوتے جارہے ہیں،ایونٹ میں کئی کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے زخمی ہوئے اور پھر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
زخمی ہونے والے کھلاڑیوں سے سب سے زیادہ متاثر اسلام آباد یونائیٹڈ رہی، جس کے 2 کھلاڑی رومان رئیس اور آندرے رسل انجری مسائل کے سبب اب ایونٹ سے مکمل طور پر باہر ہوچکے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر جون ہیسٹنگز اور کراچی کنگز کے کپتان عمادو سیم بھی ایسے ہی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے زخمی ہوئے،جن میں عماد وسیم کی واپسی کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس جنہوں نے مصباح الحق کی انجری کے سبب اپنی ٹیم کی ایونٹ کے 2 میچز میں قیادت بھی تھی اور ان کی کامیابی کا تناسب 50فیصد رہا، وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران اپنا گھٹنا زخمی کرا بیٹھے تھے۔
ٹیم کی انتظامیہ اور دیگر کھلاڑی پر امید تھے کہ وہ جلد ہی فٹ ہوکر جلد ٹیم کا حصہ بن جائیں گے لیکن اب اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کی حالت تو بہتر ہے لیکن ان کا گھٹنا بولنگ کرتے ہوئے وزن نہیں اٹھا پا رہا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد کی طرف سے پی ایس ایل کھیلنے والے 29 سالہ ویسٹ انڈیز کے آل رائونڈر آندرے رسل ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے باعث ایونٹ چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کھلاڑی جون ہیسٹنگز سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوچکے ہیں۔
پی ایس ایل تھری کے باقی میچز میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے، جس کا آسٹریلوی کھلاڑی کو بہت افسوس ہے، ایونٹ میں ان کے متبادل کھلاڑی جلد نامزد کیا جانے کا امکان ہے ۔
پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز سے گزشتہ اتوار کو ہونے والے سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی شاندار کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوگئے،انہیں سر پر شدید چوٹ آئی، جس کے سبب زخمی آل رائونڈر کو گرائونڈ سے اسٹریچر پر باہر لایا گیا تھا۔
ڈاکٹر زیر علاج عماد وسیم کی حالت ٹھیک بتا رہے ہیں لیکن اب تک یہ طے نہیں ہوسکا ہے کہ وہ ایونٹ کے باقی میچز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے یا نہیں؟
پی ایس ایل کے دوران شاہد خان آفریدی بھی زخمی ہوئے لیکن وہ چند روز کے آرام کے بعد گرائونڈر میں اپنی پرفارمنس کے جوہر دکھا رہے ہیں۔