• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت بحال کردی

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹ بال کی رکنیت بحال کردی ہے اس طرح نہ صرف پاکستانی فٹ بال پر چھائے فیفا معطلی کے بادل چھٹ گئے ہیں ۔

رکنیت کی بحالی کےبعد اب پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے آئین کی شق 13 کے مطابق تمام حقوق دوبارہ حاصل کرلئے ہیں جس کے مطابق پی ایف ایف کے ماتحت تمام کلبز کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہوگی ، اس کی ذیلی رکن تنظیموں کے کسی بھی رکن یا حکام فیفا یا ایشین فٹبال فیڈریشن کے کسی قسم کے ترقیاتی پروگرام، کورس اور ٹریننگ پروگرام میں بھرپور شرکت کرسکیں گے۔

منگل 13 مارچ کو فیفا کی سیکرٹری جنرل فاطمہ سامورا کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ 6 مارچ کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے پاکستانی عدالت کی جانب سے ملنے والے آرڈر کی کاپی کے ساتھ فیڈریشن کے دفاتر اور اس کے بینک اکائؤنٹس کا کنٹرول تنظیم کے حوالے ہونے کی مکمل تفصیل فراہم کردی ہے ۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس کے ساتھ فیفا سے پاکستانی فٹ بال کی رکنیت بحال کرنے کی درخواست کی تھی لہٰذا فیفا پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو فیفا کے آئین کی شق 13 کے مطابق حاصل تمام حقوق واپس کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے فیصلہ دیتے ہوئے فیصل صالح حیات اور ان کے ساتھ جون 2015میں منتخب ہونے والے پی ایف ایف عہدیداران کے انتخاب کو قانونی قرار دیتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا قبضہ فوری طور پر ان کے حوالے کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔

یوں فیصل صالح حیات کی سربراہی میں قائم منتخب باڈی کو پی ایف ایف کا انتظامی و مالیاتی کنٹرول ملنے کے چند روز میں ہی پاکستانی فٹبال پر چھائے فیفا معطلی کے گہرے بادل چھٹ گئے ہیں۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات صدر نے فیفا کے فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے پاکستان بھر کی فٹ بال فیملی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم اللہ رب العزت کا جتنا شکر اداکریں کم ہے۔ اپنے تمام ساتھیوں کے عزم اور حوصلے کی داد دیتے ہوئے ان کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی فٹ بال کو نئی روشنی بخشے گا۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری احمد یار لودھی نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ فیفا کا فیصلہ بلاشبہ ایک بڑا فیصلہ ہے، سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے۔

پاکستانی فٹ بال کو تباہ کرنے والوں نے اپنی پوری کوششیں کیں جس کے جواب میں فیفا نے پاکستان فٹ بال کی رکنیت معطل کردی لیکن فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات اور ان کی پوری کابینہ حق اور سچ کیلئے لڑتی رہی۔ پہلے عدالت نے ہمارے موقف کو مانا اور اب فیفا نے پاکستان کی رکنیت بحال کردی ہے۔

اس فیصلے سے پاکستان بھر میں فٹ بال کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تین سالہ بندش نے پاکستان میں فٹ بال کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور حقیقت میں ہم کئی دہائیوں پیچھے چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا اپنے ذاتی مفادات کے لئے پاکستان کی فٹبال کو نقصان پہنچانے والوں سے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں پاکستان میں فٹ بال کی تباہی اور وطن عزیز کی دنیا بھر میں بدنامی کے علاوہ کیا حاصل ہوا۔

احمد یار لودھی کا یہ بھی کہناہے کہ فیصل صالح حیات جلد ایک پریس کانفرنس میں پاکستان میں اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال سرگرمیوں کی تفصیلات کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین