• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز ن لیگ کے صدر منتخب، زرداری، عمران ہم پر بھاری نہیں، نواز شریف، قائد رہیں گے، شہبازشریف

شہباز ن لیگ کے صدر منتخب، زرداری، عمران ہم پر بھاری نہیں، نواز شریف، قائد رہیں گے، شہبازشریف

اسلام آباد(نمائندہ جنگ؍ نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو پارٹی کا بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا۔ بدھ کو مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفرالحق، وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، ارکان پارلیمنٹ اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے جنرل کونسل کے اڑھائی ہزار سے زائد ارکان نے شرکت کی۔ شہباز شریف کے مقابلہ میں کسی امیدوار نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ اس طرح مرکزی جنرل کونسل نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو پارٹی کا بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا۔ شہبازشریف نے صدر منتخب ہونے کے بعد پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری، عمران ہم پر بھاری نہیں، نواز شریف قائد تھے، ہیں اور رہینگے، مجھ سمیت کوئی انکی جگہ نہیں لے سکتا، یہ زندگی کا اہم لیکن مشکل مرحلہ ہے،ذمہ داری نبھانے کی کوشش کرونگا،پاکستان کی خوش قسمتی کہ نوازشریف جیسا قائد ملا، ہمارے لیڈر کیساتھ زیادتی ہوئی،یقین ہے ایک دن اس کا ازالہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ میں دیانتداری سے سمجھتا ہوں کہ یہ صرف مسلم لیگ(ن) کی نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستان بھر کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں محمد نوازشریف جیسا قائد نصیب ہوا۔ میں سمجھتا ہوں کہ نوازشریف ہی وہ پاکستانی سیاستدان اوررہنماء ہیں جنہیں قائد اعظم محمد علی جناح کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب دوسرے صوبوں کی ترقی کی بات ہوتی ہے تو خیبر پختونخوا کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے-یہاں کی عوام کے ساتھ تبدیلی کا نعرہ لگا کر بہت بڑا دھوکہ اور فراڈ کیا گیا- یہی وجہ ہے کہ آج کے پی کے کا ہر فرد او رنوجوان یہ شعر پڑھنے پر مجبور ہے-(رخ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا جسے ہم چاند سمجھے تھے وہ جگنو بھی نہیں نکلا )۔ وزیراعلی نے کہاکہ میرے لئے اس سے بڑا اعزاز کیا ہوسکتا ہے کہ نوازشریف جیسے مقام اورمرتبہ کے حامل رہنما نے مجھے اپنے منصب پر فائز کرنے کیلئے چنا ہے۔ میں نے قائم مقام صدر کے طورپر منتخب ہونے کے بعد کہا تھا کہ میرا دل اوردماغ مجھ سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ کوئی دوسرا شخص نوازشریف کی جگہ کیسے لے سکتا ہے اور وہ محبت کسی اورشخص کے حصے میں کیسے آسکتی ہے جو پاکستان کے عوام نے ہمیشہ نوازشریف پر نچھاور کی ہے۔

تازہ ترین