شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)کیرون پولارڈ کی برق رفتار اننگز بھی ملتان کو شکست سے نہ بچا سکی۔پاکستان سپر لیگ تھری کے ابتدا میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی ملتان کی ٹیم مسلسل ہار کے بعد شدید مشکلات سے دوچار ہوگئی۔سابق چیمپین اسلام آباد یو نائیٹیڈ نے منگل کی شب ملتان سلطانز کو اہم ترین میچ میں33 رنز سے شکست دے دی۔ملتان کی ٹیم پانچ گیندیں پہلے152رنز پر آوٹ ہوگئی۔ دس میچوں میں ساتویں شکست کے بعد ملتان کے لئے پلے آف میں کوالی فائی کرنا مشکل ترین ہوگیا ہے۔اب اس کا انحصار دوسری ٹیموں کی کارکردگی پر ہوگا۔کیرون پولارڈ نے47گیندوں پر73رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو ہار سے نہ بچاسکے۔انہوں نے چھ چھکے اور پانچ چوکے مارے۔اس نتیجے کے بعد اسلام آباد اور کوئٹہ نے پلے آف کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔دفاعی چیمپین پشاور زلمی کو دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔اگر زلمی کوئی میچ ہار گئی تو ملتان اور کراچی بھی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالے گی۔اگر زلمی دونوں میچ جیت گئی تو ملتان کو اسلام آباد اور کراچی کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔ملتان کی ٹیم186رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بری طرح لڑکھڑائی۔سمت پٹیل نے پہلے اوور کی دو گیندوں پر کمار سنگاکارا اور سیف بدر کو آوٹ کرکےمشکلات پیدا کردیں۔ احمد شہزاد سے ایک بڑی اننگز کی توقع تھی لیکن وہ تین رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔پانچویں اوور میں بیس رنز پر تین وکٹ گر گئے۔اگلے اوور میں صہیب مقصود13رنز بناکر ایلکس ہیلز کے نا قابل یقین کیچ کے ذریعے پویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک کو شاداب خان نے بولڈ کیا۔پچاس رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔پولارڈ کے لاٹھی چارج کے علاوہ ٹاپ آرڈر بلے باز ناکام رہے۔پاکستان سپر لیگ میں شارجہ میں ہونے والے اہم ترین گروپ میچ میں منگل کی شب اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف چار وکٹ پر185رنز بنائے۔ٹورنامنٹ کے خطرناک بولر سہیل تنویرنے چار اوورز میں37رنز دیئے۔پچ بیٹنگ کے لئے ساز گار تھی جس پر بیٹسمینوں نے دل کھول کر بھڑاس نکالی۔ لیوک رونکی نے 36 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ پی ایس ایل تھری کے ایڈیشن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز نے برق رفتار 46 رنز بنائے۔