کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے ماہ آ سٹریلیا میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، رضوان سنیئر ٹیم کے کپتان اور عماد شکیل بٹ ان کے نائب ہونگے، ایونٹ کے لئے 18کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے کھلاڑیوں کا اعلان کیا، جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ان میں عمران بٹ، مظہر عباس، تعظیم الحسن، مبشر علی، فیصل قادر، توثیق ارشد، تصور عباس، ابوبکر محمد، رضوان جونیئر، شفقت رسول، دلبر، عتیق ارشد،علی شان، ارسلان قادر اور رانا سہیل شامل ہیں۔دریں اثناء پی ایچ ایف کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے لئے ملک میں موجود بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ رضوان سنیئر نے ہالینڈ سے براہ راست آسٹریلیا میں ہونے والے گیمز میں ٹیم کو جوائن کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔