شارجہ (نمائندہ خصوصی) لیوک رونکی اور ایلکس ہیلز کے جارحانہ اننگز کے بعد نوجوان حسین طلعت کی دھواں دار بیٹنگ نے ملتان سلطانز کو دھوڈالا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے حسین طلعت نے21گیندوں پر36رنز بنائے۔ پاکستان سپر لیگ میں شارجہ میں ہونے والے اہم ترین گروپ میچ میں منگل کی شب اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف چار وکٹ پر185رنز بنائے۔ سہیل تنویرنے چار اوورز میں37رنز دیئے۔ فہیم اشرف چھ گیندوں پر13اور آصف علی13گیندوں پر17رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پچ بیٹنگ کے لئے ساز گار تھی۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اوپنر لیوک رونکی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹورنامنٹ میں تیسری نصف سنچری بنائی ۔ تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر جے پی ڈومینی 12 گیندوں پر 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ ایک سو رنز بارہویں اوور میں بنے۔ رونکی 36 گیندوں پر 58 رنز بناکر عمران طاہر کا نشانہ بنے۔ انہوں نےتین چھکے اور چھ چوکے مارے۔ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز نے دبئی آتے ہی پہلا میچ کھیلا اور33گیندوں پر46 رنز دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ عمر گل نے26رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ لیگ اسپنر عمر ان طاہر نے چار اوورز میں29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔