راولپنڈی (نمائندہ جنگ)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور ہیڈ کوارٹر زکا دورہ کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کواٹرز میں اعلیٰ حکام نے آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کور کمانڈر ملتان بھی موجود تھے ،آرمی چیف نے مشرقی سرحدکیلئےآپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے کہاکہ امن کے حالات میں بھی فوجی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری رکھنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ روایتی جنگوں کی تیاری کے ساتھ غیر روایتی جنگوں کے تجربے نے ہمارے اعتماد میں مزید اضافہ کیا ہے اور ہمیں مزید سخت جنگ لڑنے کے قابل بنا دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کے جوان کسی بھی قسم کی در اندازی سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، آرمی چیف جب کور ہیڈ کوارٹر زپہنچے تو ان کا کو ر کمانڈر بہاولپور اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھرپور استقبال کیا۔