کراچی(ٹی وی رپورٹ)رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر کے ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی پارٹی چھوڑ دیں گے، موجودہ حالات اور پارٹی میں نقصان کی وجہ نواز شریف ہیں، نواز شریف نے شہباز شریف کو رسمی طور پر پارٹی کا صدر بنایا ہے ، پارٹی کی ساری ڈوریں نواز شریف کے ہاتھ میں ہیں، پاک فوج ، عدلیہ اور ریاستی اداروں کی تضحیک اور ٹارگٹ کرنا سیاست نہیں ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سربراہ عوامی راج پارٹی جمشید دستی اور وفاقی وزیرتعلیم محمد بلیغ الرحمن بھی شریک تھے۔
جمشید دستی نے کہا کہ ہمارا 98فیصد سیاسی کلچر منافقت، جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہے، ہم اگر ٹھیک ہوتے تو کسی جنرل یا جج میں ہمیں سزا دینے کی جرأت نہ ہوتی،عمران خان پیروں کے شکنجے میں ہیں،انہوں نے ایک پیالی رکھی ہوئی ہے،پیرنی صاحبہ دیکھتی ہیں انہیں تصویر نظر نہیں آتی،خیال آتا ہے اس اس کو شامل کرلو۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کی اکثریت ن لیگ کے ساتھ رہے گی،ن لیگ نے بہاولپور صوبے کی بحالی جبکہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کی ،پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی بھی بہاولپور صوبے کی مخالف ہیں۔میزبان حامد میر نے کہا کہ ایسی خبریں آرہی ہیں کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے اراکین پارلیمنٹ میں بہت بے چینی پائی جاتی ہے،کچھ اراکین پارلیمنٹ دوسری سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں، جب بھی الیکشن قریب آتا ہے تو جنوبی پنجاب کے کچھ ارکان پارلیمنٹ وفاداریاں تبدیل کرنا شروع کردیتے ہیں۔رضا حیات ہراج نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور پنجاب کے سیاستدانوں نے جنوبی پنجاب کے لوگوں پر تنقید کاوطیرہ بنایاہوا ہے،جنوبی پنجاب کے لوگوں کی وفاداری کسی فرد کے نہیں،ریاست کے ساتھ ہے،اگر کوئی شخص پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں تو ہم اس سے متعلق اپنا ایک رویہ بنالیتے ہیں،پاک فوج ، عدلیہ اور ریاستی اداروں کی تضحیک اور ٹارگٹ کرنا سیاست نہیں ہے، دہشتگردی سے متعلق 37افراد کی جو فہرست آئی وہ سب جنوبی پنجاب کے تھے، یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری کے کہنے پر ایک خط نہیں لکھاجس پر وہ وزارت عظمیٰ سے فارغ ہوئے لیکن کیا آصف زرداری نے یہی خواہش راجہ پرویز اشرف سے کی تھی۔رضا حیات ہراج کا کہنا تھا کہ مجھے وزارت کی کوئی خواہش نہیں ہے،جنوبی پنجاب میں بجلی اور پینے کا پانی تک نہیں ہے،ہمیں ملتان میٹرو دی گئی،وہاں بسیں خالی چل رہی ہیں،رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاولنگر کے ن لیگی ارکان قومی اسمبلی پارٹی چھوڑ دیں گے،میں نے 203قانون کی کھل کر مخالفت کی تو مجھے شوکاز ملا اور تمام فنڈز بند کردیئے گئے،شہباز شریف اچھے آدمی ہیں، موجودہ حالات اور پارٹی میں نقصان کی وجہ شہباز شریف نہیں،نواز شریف ہیں،نواز شریف نے شہباز شریف کو رسمی طور پر پارٹی کا صدر بنایا ہے لیکن ساری ڈوریں انہی کے ہاتھ میں ہیں،فاروق احمد لغاری نے ساری زندگی پیپلز پارٹی نہیں چھوڑی۔انہوں نے اسمبلی چھوڑی تو استعفیٰ دے کر گھر چلے گئے، نواز شریف نے 1995ء میں فاروق لغاری کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی،گدھا ریڑھی پر بیٹھ کر کاغذات نامزدگی جمع کروانا شرفاء کا شیوہ نہیں ہے۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ن لیگ نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں دور کرنے کی پوری کوشش کی ہے،ہمارے دورِحکومت میں جنوبی پنجاب میں بہت زیادہ ترقیاتی کام کروائے گئے،تاریخ میں پہلی دفعہ تیس فیصد سے زائد پی ایس ڈی پی جنوبی پنجاب کو دینے کا فارمولا بنایا گیا،بہاولپور میں ایک یونیورسٹی تھی جہاں اب پانچ یونیورسٹیاں ہونے جارہے ہیں،جنوبی پنجاب کے نمائندوں میں اس دفعہ ہلچل نہیں نظرا ٓئے گی۔