شارجہ (عبدالماجد بھٹی، نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں سابق چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹ سے شکست دے دی اور پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک پوزیشن کو مستحکم کر لیا ہے۔اس شکست کے باوجود کوئٹہ نے پلے آف کے لئے اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔اسلام آباد نے نویں میچ میں ساتویں کامیابی حاصل کی ہے۔کوئٹہ کو دس میچوں میں پانچویں شکست ہوئی ہے۔جمعے کو آخری دو میچوں کے بعد پلے آف کی لائن اپ طے ہوگی۔ اسلام آباد نےہدف دس گیندیں پہلے چار وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ حسین طلعت28اور آصف علی18رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ اسلام آباد کی اننگز میں لیوک رونکی دس، ایلکس ہیلز 16 اور شاداب خان 18رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ جب ٹیم جیت سے19رنز دور تھی جے پی ڈومینی 47 گیندوں پر 54 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ قبل ازیں کپتان سرفراز احمد کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹیڈ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئےسات وکٹ پر147رنز بنائے تھے۔ سرفراز احمد نے 30 گیندوں پر43رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر کیچ ہوئے۔ انہوں نے دو چھکے اور تین چوکے مارے۔فہیم اشرف نے 19رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔