راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)رائیونڈ میں دہشتگردی واقعہ کے بعد راولپنڈی میں سیکورٹی ہائی الرٹ کرکے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 44 ناکے اور بیس چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں ۔ تھانہ سول لائن میں جمعرات کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی محمد بن اشرف نے بتایا کہ دو ہفتے قبل قتل ہونے والے مقامی صحافی انجم منیب راجہ کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے انہوں نے میڈیاکوبتایاکہ منیب انجم کو اسکے ایک ساتھی ملازم قیصر رحمان نے قتل کیا تھا انہوں نے بتایاکہ مبینہ قاتل مقتول کے ہمراہ اسی دفتر میں کام کرتاتھا اور دفترمیں ہونے والی تلخ کلامی کابدلہ لینے کے لئے اس نے تھانہ سول لائن کے علاقہ مال روڈپرپی سی ہوٹل کے سامنے دومارچ کی رات فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتاردیاتھا۔وقوعہ سے قبل ملزم قیصر رحمن نے اس مقصد کے لئے پستول خریدی، انہوں نےکہا کہ مقامی اخبار کے دفتر پر حملے ميں ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ایس ایس پی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ رائیونڈ میں دہشتگردی واقعہ کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے،جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 44 ناکے اور 20 چوکیاں قائم کر دی ہیں جبکہ دوسرے اضلاع سے آنے والے تربیت یافتہ ملزمان اورافغان باشندوں کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے، 23مارچ کے حوالے سے کوئی خاص تھریٹ موجود نہیں ہے ۔