• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، گاڑیاں چھین کر فروخت کرنیوالے 3 ملزمان گرفتار

کراچی، گاڑیاں چھین کر فروخت کرنیوالے 3 ملزمان گرفتار


پولیس کے اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کراچی سے گاڑیاں چھین کر سندھ کے علاقے رانی پور میں فروخت کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 3 کاریں، ایک موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزمان چھینی اور چوری کی گئی گاڑیاں کراچی سے بلوچستان اسمگل کرنے والے گروہ سے بھی منسلک ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی آئی اے کراچی ڈاکٹر امین یوسف زئی کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل کے ایس ایس پی کی ٹیم نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے والے ایک گروہ کے 3 ملزمان مٹھل، علی گوہر مندرانی اور رمضان عرف حیدری عرف قلندری کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔

ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر چھینی اور چوری کی گئی تین کاریں اورایک موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سیاہ ٹوٹا کرولا کار شارع فیصل کے علاقے سے چھینی اور پھر اسے اندرون سندھ کے علاقے رانی پور میں حسین لانگا نامی شخص کو فروخت کیا۔

اسی طرح درخشاں کے علاقے سے چھینی گئی ایک اور کار بھی رانی پور میں سکندر بروہی نامی شخص کو فروخت کی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گاڑیاں چھیننے کے بعد بلوچستان منتقل کرنے والے گروہ سے بھی منسلک تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف کراچی میں مختلف مقدمات درج ہیں، ان سے تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین