جامعہ کراچی میں پان، گٹکا، چھالیہ کھانے اور سگریٹ نوشی کے خلاف کارروائی شروع
اینٹی نارکوٹکس فورس، رینجرز اور جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو پان گٹکا چھالیہ کھانے اور سگریٹ نوشی سے پاک کرنے کا عزم کرلیاہے ، جب کہ جامعہ میں موجود تیس کینٹین پر چھاپے مارکر پانچ کینٹین سے تمباکو سے بنی اشیا اور سگریٹ برآمد کی گئیں،اس حوالے سے جامعہ کراچی کے سیکیورٹی ایڈوائزر محمد زبیر نے کہا کہ، 30 کے قریب کینٹینوں پر چھاپے مارے گئے ہیں جن کینٹین پرپہلی بار پان، گٹکا، چھالیہ اورسگریٹ ملی ہیں ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
ایک کینٹین کو سیل کردیا گیا ہے کوشش ہے کہ انتظامیہ کے حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے جامعہ کو تمباکونوشی سمیت مضر صحت ممنوعہ اشیا سے چھٹکارا دلایا جائے، کیوں کہ اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
نیو ٹیک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لیے آباد سے معاہدہ کرے گا
سابق آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اور ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیو ٹیک)ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کو افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے۔
یہ بات انہوں نے آباد ہاؤس کے دورے کے موقعے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، ضرورت ا س امر کی ہے کہ نسل نو کی صلاحیتیوں کو نکھار کر ان کے لیے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کا حصول آسان بنایا جائے، آباد کے دورے کا مقصد بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی تمام صنعتوں کے ساتھ باہمی روابط قائم کرکے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ نسل نو کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے سندھ کے ہر ضلعے میں سینٹر آف ایکسیلنسی قائم کریں گے۔