• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کی سیاست چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی ، بلاول

نوازشریف کی سیاست چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی ، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چابی والے کھلونے کا میاں صاحب سے زیادہ کس کو پتہ ہے ،ان کی پوری سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی ہے، آج بھی میاں صاحب سے بڑا چابی والا کوئی کھلونا نظر نہیں آتا۔

کوٹلی ستیاںمیں جلسہ عا م سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ آپ کہتے تھے نا روک سکو تو روک لو، دیکھو ہم نے روک لیا ، میاں صاحب کے خیال میں جمہوریت ان کی جیت سے مشروط ہے ، وہ ہار جاتے ہیں تو جمہوریت بھی خطرے میں ہوتی ہے اور ان کے دل بھی ٹوٹ جاتےہیں ، میاں صاحب ، ضيا الحق کے اوپننگ بیٹسمین کی شکست پر آپ کا دل تو ٹوٹنا ہی تھا ۔

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ فسادی اور سازشی ہو سکتے ہو لیکن انقلابی نہیں، جب یہ پاناما میں پکڑے گئے تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کر دیئے،میاں صاحب اگلے الیکشن میں شکست آپ کا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے پارلیمان کو کتنی عزت دی؟ آپ خود کتنی مرتبہ پارلیمنٹ آئے؟جو وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بن کر ووٹ کا تقدس نا بحال کر سکا وہ جیل میں بیٹھ کر کیا کرائے گا؟میاں صاحب آپ کو ووٹ کا تقدس صرف پاناما کے بعد ہی کیوں یاد آ رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے آج تک عوام کے لیے کیا کیا ہے؟ عوام کو اس سے غرض نہیں کہ آپ کو کیوں نکالا، عوام اپنے مسائل کا حل اور عزت چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل ملز کو تباہ کیا ،اسٹیل ملز کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے کسی کو بیچنے کی اجازت نہیں دیں گے ،میں آپ کو غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے نہیں دوں گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ اب وزیراعظم پی آئی اے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی ایئر لائنز ترقی کرے،یہ لیڈر نہیںکاروباری ہیں ، انہیں ملک کی نہیں اپنی فکر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے پانچ سال میں صرف ایک نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا ، لوگ عمران سے پوچھ رہے ہیں نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے؟، کہاں ہے آپ کا احتساب کمیشن؟ خان صاحب نے لودھراں میں نا اہل ترین کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر مورثی سیاست کے معاملے پر بھی یو ٹرن لیا۔

تازہ ترین