مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی کاکہنا ہےکہ عدلیہ، فوج اور پارلیمنٹ میں کوئی خرابی نہیں، خرابی کی جڑ شریف برادران ہیں، شہبازشریف کے دل میں اگرعدلیہ اور فوج کی عزت ہے تو وہ نوازشریف کو عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے سے روکیں۔
لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پر وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نےکہا کہ 22سال حکمرانی کے بعد شہبازشریف اب کس منہ سے سب کو مل کر کام کرنے کا کہہ رہے ہیں،حالانکہ وہ عدلیہ پر حملے اور حملہ آوروں کو قیمے والے نان کھلانے میں پیش پیش تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پارلیمنٹ کو بھی ڈکٹیٹرشپ کی بنیاد پرہی چلاتے رہے ،جب یہ کرپشن میں پکڑے جاتے ہیں تو انھیں جمہوریت یاد آ جاتی ہے۔