سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان پیپلز پارٹی کو سپورٹ تو کررہے ہیں‘انہوں نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کےچیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار کو ووٹ تودیاہے‘بیچارا شریف آدمی اور کیا کرے، سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی، آئندہ انتخابات میں عمران خان کے ساتھ ملکر الیکشن لڑ نا یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا خارج از امکان نہیں‘کچھ بھی ہوسکتا ہے‘ ہر چیز ایک دم نہیں ہوتی‘ آگے چل کر دیکھتے ہیں کہ کرنا کیا ہے، سیاست میں دروازے کھلے ہوتے ہیں، کل ہم نواز شریف سے لڑے ہوئے تھے‘ پھر ایک ہوگئے، پھر لڑگئے، کل ہم ق لیگ سے لڑے ہوئے تھے، پھر مل گئے، سیاست میں یہ مثبت چیزیں ہونی چاہئیں۔ وہ سکھر میں این آئی سی وی ڈی اسپتال میں پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔خورشید شاہ نے کہاکہ سیاست بہت اچھا کام ہے، دعا ہے کہ سیاست کرنے والے سیاستدان بن جائیں اور سیاست کو سمجھیں کہ سیاست کیا ہے؟ سیاست انسایت کی خدمت کا نام ہے۔