• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، اس پر قابو پانے کے لئے جو بھی کرنا پڑا کروں گا، کسی کی پروا نہیں، قومی دولت لوٹنے نہیں دیں گے اور نہ ہی بدعنوان عناصر کو کوئی رعایت دی جائے گی، پائی پائی وصول کی جائے گی، ملک 84ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہوچکا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے کسی حد تک بھی جانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں 2دوزہ انٹرنیشنل لائیواسٹاک ڈیری اینڈ پولٹری کانگریس کی تقریب اور نیب لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس دورے کا مقصد نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی خاص طور پر نیب لاہور میں زیرسماعت میگا کرپشن کیسز میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔ جہاں ان کو مختلف مقدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے ڈی جی نیب لاہور اور افسروں کو کرپشن کے مقدمات میں مکمل آزادی کے ساتھ کام کرنے، کوئی رعایت نہ برتنے اور کسی بھی قسم کا دبائو قبول نہ کرنے کی ہدایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی وصولی کا کام قانون کے مطابق کیا جائے۔ چیئرمین نیب نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ یقیناً خوش آئند ہیں اس لئے کہ یہ حقیقت ہے کہ تقریباً ہر ادارے میں بدعنوانی کی خبریں تواتر سے آتی رہتی ہیں اگر لوٹی ہوئی یہ دولت وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کردی جائے تو اس سے بہت سے غیرملکی قرضے ادا کئے جاسکتے ہیں اور ملک میں ترقیاتی کاموں کی رفتار بھی تیز کی جاسکتی ہے۔ ہمارے خیال میں کرپشن کے خلاف یہ مہم موثر انداز میں چلانی چاہئے لیکن یہ ضرور پیش نظر رکھا جائے کہ ماضی میں کرپشن کے خاتمے کے لئے کوششیں تو کی گئیں لیکن ان کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپشن کے خلاف اس مہم میں شفافیت اور قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہی کوئی کارروائی کی جائے نہ کہ انتقامی جذبہ کارفرما ہو ۔ عوام بھی ماضی کی طرح اسے سیاسی نعرہ سمجھنے کے بجائے اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔

تازہ ترین