• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف غداری کیس میں سماعت آج نہیں 29 مارچ کو ہو گی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) خصوصی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج نہیں 29 مارچ کو ہو گی۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس یاور علی اور جسٹس طاہر ہ صفدر پر مشتل تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ 8 مارچ کو خصوصی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کی تھی تاہم ذرائع کے مطابق اب اس کیس کی سماعت 29 مارچ کو ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے فریقین کو مطلع کر دیا ہے۔ سماعت 29 مارچ کو رکھنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ خصوصی عدالت نے 8مارچ کو وزارت داخلہ کو ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رجوع کرنے اور ملزم کو مطلوبہ سکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کرنے کا حکم سنایا تھا۔ ادھر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے خصوصی عدالت کے روبرو موقف اپنایا تھا کہ ان کا موکل عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن ان کی جان کو خطرہ ہے لہٰذا وزارت دفاع کے ذریعے انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے۔ عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کو یاد دلایا کہ استغاثہ نے پہلے ہی سکیورٹی کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔
تازہ ترین