لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روپے کو خاک میں ملانے اور ڈالر کو سونے کا تاج پہنانے والے وہی معاشی جادوگر ہیں جنہوں نےروپے کی بے قدری کر کے ملکی معیشت کو تباہ کر دیاہے،انہوں نےقومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی اورلندن ، دبئی اور سوئس بنکوں میں لوٹی گئی دولت جمع کرائی۔ہم حکومت کی معاشی پالیسی کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہیں جس نے عوام کو مہنگائی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد قوم اور امت کے لیے خیر و برکت کا پیغام ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دیر خاص میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں آئی ہے اب ملک سے منفی ، انتہا پسندانہ اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ اور شائستہ اور بااخلاق سیاست ہوگی ۔ ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد قوم اور امت کے لیے خیر و برکت کا پیغام ہے ۔ سراج الحق نے کہ کہ رائو انوار نے خود عدالت میں آ کر گرفتاری دی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قانون صرف غریبوں کے لیے ہے ، بااثر لوگ ہمیشہ قانون سے ماوریٰ سمجھے جاتے ہیں ۔ وزیراعظم کی اپنی ایئر لائن اور کمپنیاں مسلسل ترقی کر رہی ہیں جبکہ پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھائو بیچا جارہاہے ۔ پی آئی اے قومی ادارہ ہے ،اسے کسی صورت بکنے نہیں دیں گے ۔سیکولر لابی، لینڈمافیا،ڈر گ مافیا اورعالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ نہیں چاہتے کہ ملک میں دینی قوتیں مضبوط ہوں اور بر سراقتدار آئیں ۔ انہوں نے کہاکہ مغرب چاہتاہے کہ دیندار لوگ گلے میں منکے ڈال کر کونوں کھدروں میں بیٹھ جائیں اور اللہ ہو اللہ ہو کرتے رہیں ۔ مغرب کو سب سے زیادہ خطرہ سیاسی اسلام سے ہے جو ان کے مقابلے میں غیر سودی نظام معیشت دیتاہے اور شریعت کی بالادستی کی بات کرتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کرنسی اور معیشت کی تباہی اور بربادی کے اصل ذمہ دار وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ قوم کو اصل حقائق سے بے خبر رکھا اور معیشت کی مضبوطی کے جھوٹے دعوے کرتے رہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ نے اپنے تباہ کن ہتھیاروں کے کارخانے چالو رکھنے کے لیے عالم اسلا م پر جنگ مسلط کر رکھی ہے ۔ عراق و افغانستان میں تباہ کن اسلحہ استعمال اور لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا ۔ امریکہ نھیں چاہتاکہ دنیا میں امن ہو ، اس لیے وہ بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم یم اے کی سیاست قومی یکجہتی اور وحدت کی سیاست ہوگی ۔ ایم ایم اے کی تمام جماعتیں 2018 ء کے انتخابات ایک جھنڈے اور ایک نشان پر لڑیں گی اور ہم قوم کو دوبارہ محبت و اخوت کی لڑی میں پرودیں گے ۔