• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مشرف دور اچھا، زرداری حکومت نواز شریف سے بہتر تھی، عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پرویز مشرف کے دورحکومت کوبہترقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرادی دور حکومت کی کارکردگی موجودہ حکومت سے بہتر تھی، موجودہ حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے ہیں،بجلی سمیت عوام سے ہر چیزپر جگا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے‘عوام کی قوت خرید کم ہوگئی‘ ٹیکس دہندگان کی تعداد کم ہوئی ہے، 10سال پہلے ٹیکس فائلرز21لاکھ تھے لیکن آج ٹیکس فائلرز کی تعداد ساڑھے12 لاکھ ہے،وزیرخارجہ کاملک سے باہرتنخواہ لینا ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، اسحاق ڈارنے معیشت سے متعلق جھوٹ بولے،ملکی برآمدات کم ہونے کی بڑی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتیں زیادہ ہونا ہے۔وہ جمعرات کو پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے ہیں، اس وقت ہر پاکستانی 1 لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہے۔موجودہ دورحکومت میں پاکستان کی برآمدات کم ہوئیں، ہماری بجلی اورگیس مہنگی ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ نہیں بڑھ رہی، نواز شریف نے وہ کچھ کیا جوآصف زرداری کے دور میں بھی نہیں ہوا، حکومت کے قرضوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر بھی کم ہورہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام پربوجھ بڑھ رہا ہے، حکومت نے ہرچیز پر سرچارج لگایا ہواہے ، موجودہ دورحکومت میںدرآمدات 54 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں مگر پاکستان کی برآمدات کم ہوئی ہیں، موجود ہ حکومت نے بجلی پر تین سرچارجز لگا دیے ہیں۔عمران خان نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کے دور کے بعد ہر چیز نیچے جانا شروع ہوگئی، برصغیر میں دوسرے ممالک اوپر اور ہم نیچے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال جولائی میں 71 روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت تھی جو اب 95 روپے پر پہنچ گئی،پٹرول کی قیمت یکم اپریل کو95روپے فی لیٹر ہوجائیگی،ڈالر گرنے سے تیل پر 9 روپے زیادہ دینے پڑیں گے اور ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے ،نیلم جہلم مکمل ہوگیا ہے لیکن ابھی بھی ٹیکس لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) دور کی پرفارمنس زرداری حکومت سے بھی بری قراردیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف دور کی آصف زرداری سے بھی بری کارکردگی رہی، 4 سال میں 10 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا، آصف زرداری کے دور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم تھیں، اب پٹرول کے ایک لیٹر پر 9 روپے اضافی دینے پڑیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک بارپھر اسلام آبا دہائیکورٹ پر برس پڑے۔منگل کو عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ وزیرخارجہ،خواجہ اسحاق ڈار،کا کیس نہیں سن رہی۔حکومت کی نااہلی اورکرپشن کی وجہ سے عوام پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ نوازدورزرداری دورسے بھی براہے۔

تازہ ترین