• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستر سال کی کامیابیاں اور ناکامیاں سامنے ہیں، شہباز شریف

ستر سال کی کامیابیاں اور ناکامیاں سامنے ہیں،شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ میں طلبا، اساتدہ ، ڈاکٹروں، سیاستدانوں، جرنیلوں اور ججوں سے دل کی گہرائیوں سے اپیل کرتاہوں کہ آئیں مل بیٹھیں اور نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں، سب لوگ ذاتیات سے بالاتر ہو کر ملک کو عظیم بنانے کیلئے یکجا ہوں، اس کے سوا ترقی وخوشحالی کا کوئی راستہ نہیں، اداروں میں تنائو کو مفاہمت میں بدلنے کی شدید ضرورت ہے-ذاتی پسند ناپسند اور مخالفت کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے مستقبل کو سامنے رکھ کر سوچیں،70 سال کی کامیابیاں اور ناکامیاں سامنے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لند ن سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام ادارے ملکر افہام وتفہیم سے کام کریں،پارلیمان کا احترام اور اس کے حقوق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ، قابل احترام عدالت عظمیٰ ہے جو آئین کی تشریح کا حق رکھتی ہے۔ افواج پاکستان ہے جو ملکی دفاع کا عظیم فریضہ سرانجام دیتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ملک و قوم کو ا تحاد اوریکجہتی کی ضرورت ہے ہمیں باہمی انتشار کو ختم کر کے اتحاد و یگانگت کی فضا پیدا کرنی ہوگی، اداروں میں محاذ آرائی سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ہمیں باہمی رنجشیں ، چپقلشیں، مخالفتیں اور بے بنیاد محاذ آرائی کوختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا وقت ہے-رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس سے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ممکن نہیں ، ہمیں اپنا ہر سطح پر ضرور جائزہ لینا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کا دن کئی حوالوں سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ پاکستان بھر میں 23مارچ ہر سا ل جوش وخروش سے منایا جا تاہے-77سال قبل برصغیر کے مسلمان اقبال پارک میں جمع ہوئے اور قائد اعظم کی عظیم قیادت میں ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے عزم کیا-23 مارچ کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں لاکھوں ڈاکٹرز ، انجینئرز ،مزدور، طلبہ ، خواتین ، اساتذہ مینار پاکستان پر اکٹھے ہوئے اور ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے تاریخی جدوجہد کا آغاز کیا-آج کا دن اس لئے بھی عظیم ہے کیونکہ آج ہم نے لاہور میں تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر کے 77سال کے بعد ایک اور سنگ میل عبور کیاہے-یہ پہلی ٹیکنیکل اینڈ سکل یونیورسٹی ہے جہاں پاکستان بھر کے طلبا کو گریجویٹ کورسز، جدید ٹیکنالوجی کورسز کرائے جائینگے۔

تازہ ترین