• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداءکے بچوں کو اپنی زندگیوں میں شامل کیاجائے، مریم اورنگزیب

شہداءکے بچوں کو اپنی زندگیوں میں شامل کیاجائے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہداء کے بچوں کو اپنی زندگی میں شامل کیا جائے،خوشحال افراد پاکستان سوئٹ ہوم کا حصہ بنیں، یہ قوم کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو رہا ہے اور امن کے اجالے نظر آ رہے ہیں،ہم نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں اب ایک خوشحال پاکستان ابھر کر سامنے آ رہا ہے، دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اس مقصد کی خاطر اپنے لہو سے چراغ جلائے ہیں، 23 مارچ کا دن پاکستان کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے،آج کے دن یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ، باہم مل کر اور متحد ہو کر پیار اور محبت کے دیئے جلائیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ جمعہ کو پاکستان سوئٹ ہومز میں ’’پاکستان ڈے پریڈ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج یہ عہد کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ ہم سب اپنی زندگیوں میں ان بچوں کو شامل کریں جن کے والدین دہشت گردی میں شہید ہوئے ہیں،میں جب بھی سوئٹ ہومز آتی ہوں تو میری کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہوتی کیونکہ قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کا کام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان کی ٹیم، ڈونرز اور سول سوسائٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جس سے پاکستان سوئٹ ہومز میں ہزاروں بچے تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں،سوئٹ ہومز کا مقصد بہت اعلیٰ ہے ،زمرد خان سے ہر ملاقات کے بعد ان کی آنکھوں میں خوشی کی چمک دیکھی ہے۔ وزیر مملکت نے تقریب میں شامل مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خوش حال افراد کو پاکستان سوئٹ ہومز کا حصہ بننے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوئٹ ہومز کی رکنیت سازی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے کیلئے سرکاری ٹیلی ویژن آئندہ ہفتے ایک مہم شروع کرے گا۔ تقریب میں پاکستان سوئٹ ہومز کے بچوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

تازہ ترین