اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شاہد خا قان عبا سی نے گزشتہ روز جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وزیر دفاع خرم دستگیر بھی انکے ہمراہ تھے،ہیڈ کوارٹر آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محود نے انکا استقبال کیا، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی، وزیر اعظم کو مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تیا ریوں پر بریفنگ دی گئی،انہوں نے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی تیار یوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، مسلح افواج کی قر با نیوں کوخراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے یقین د لا یا پاکستان کی دفاعی ضرور یات کو پور ا کرنے کیلئے قوم تمام ضروری وسائل فراہم کریگی۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر کی می ہیدی اینڈوسے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان نے قابل ذکر اقتصادی استحکام حاصل کیا ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کیلئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی، مٹسوبشی کارپوریشن اور ڈائمنڈ گیس انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے وفد کی قیادت مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر نائب صدر نے کی، اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے شنگھائی الیکٹرک پاور کے وفد نے ایس ای پی کے چیئرمین وانگ یندان کی سربراہی میں ملاقات کی۔