چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد نیول یونٹس کی آپریشنل تیاریوں اور گوادر میں جاری پاک بحریہ کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔
گوادر ایئر پورٹ آمد پر کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے چیف آف نیول اسٹاف کا خیر مقدم کیا۔
بعد ازاں کمانڈر ویسٹ کموڈور راحت احمد اعوان نے نیول چیف کو میری ٹائم سیکورٹی ٹاسک فورس۔88(CMSTF-88)، کوسٹل سیکورٹی اور ہاربر ڈیفنس فورس جو کہ گوادر میں قائم سی پیک (CPEC) منصوبوں کی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے بنائی گئی ہے، پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے CMSTF-88 کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور بحری راستوں سے متوقع خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورس کو مزید مستعد اور فعال بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے بھی گوادر پورٹ کی سرگرمیوں اور پورٹ اور شہر کو مزیدوسعت دینے کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحریہ ماڈل اسکول گوادر کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے مقامی آبادی کو تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے اسکول کی مقررہ وقت پر تعمیر مکمل کرنے اور اسے فعال بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
نیول چیف نے بلوچستان کی ساحلی پٹی بشمول اورماڑہ اور گوادر میں تعینات پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کی خاطر اُن کے عزم، بے لوث خدمت اور جذبے کو سراہا۔