سکھر کی کھجورمنڈی میں گودام کی چھت دھماکے سے گرگئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش کے مطابق دھماکا چھوہارے دھونے والے کیمیکل میں آگ لگنے سے ہوا، حادثہ چار بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب مزدور یومیہ اجرت پر کام کررہے تھے۔
پاک فوج، رینجرز، پولیس اور ریسکیو اہل کار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
کمشنر سکھر کے مطابق گودام ایک ماہ پہلے سیل کیا گیا تھا جو غیر قانونی طور پر کھلوایا گیا، گودام کے مالکان اور منشی فرار ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے کھجور مارکیٹ سکھر میں چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔