• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر کی کھجور مارکیٹ میں گودام کی چھت دھماکے سے زمین بوس

سکھر کی کھجور مارکیٹ میںگودام کی چھت دھماکے سے زمین بوس، 13 محنت کش جاں بحق

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کی کھجور مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے سے 2بچوں، 6خواتین سمیت 13 محنت کش جاں بحق، 15سے زائد افراد زخمی ہوگئے، پاک فوج کے جوان، رینجرز و پولیس اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے، پاک فوج کے جوانوں نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر سول اسپتال سکھر ودیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ آغا قادر داد کھجور مارکیٹ میں واقع ایک گودام کی چھت اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگئی،چھت گرنے کی وجہ ضرورت سے زیادہ وزن، چھوہارے کو دھونے کے لئے بوائلر اور کیمیکل کے استعمال کے باعث کمرے میں گیس بھرنا بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال سکھر میں لائی گئیں تو پوسٹ مارٹم روم میں بجلی نہیں تھی، عملے کے مطابق سیپکو والوں نے بجلی کنکشن منقطع کردیا ہے، جس پر عملے کی جانب سے متبادل ذرائع استعمال کرکے بجلی سپلائی بحال کی اور نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا،انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ گودام کو ایک ماہ قبل سیل کردیا گیا تھا مگر گودام کو غیر قانونی طور پر کھول کر کام کیا جارہا تھا۔ سکھر میں واقع ملک کی سب سے بڑی کھجور منڈی آغا قادر داد کھجور مارکیٹ میں واقع ایک گودام کی چھت اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں گودام میں کام کرنیوالے مزدور ملبے تلے دب گئے، حادثے کے باعث 11محنت کش جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 50 سالہ مسماۃ بشیراں، 25 سالہ مسماۃ لال بائی، مسماۃ روزن، مسماۃ مختیار، 35 سالہ بہادر، وحید، 14 سالہ لالو، 15 سالہ صنم، 12 سالہ نامعلوم بچی اور 16 سالہ نامعلوم لڑکی اور 14 سالہ نامعلوم لڑکا شامل ہے۔

تازہ ترین