لوٹن (پ ر)برطانیہ کے شہر لوٹن میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیراہتمام گزشتہ دنوں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں آزاد کشمیر بھر کی تمام سیاسی پارٹیوں نے شرکت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ کیا جائے کہ وہ کوئی بھی ایسی قرارداد یا کوئی بھی ایسا فیصلہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر نہ کرے جن میں کشمیر کے تشخص کو نقصان پہنچے اور وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہو۔ چنانچہ اس سلسلے میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلہ میں ایک وفد جو کہ تمام جماعتوں پر مشتمل ہوگا وہ یہاں برطانیہ میں موجود پاکستان ہائی کمیشن سے ملاقات کرے گا اور اپنے تحفظات کا اظہار ایک یادداشت کی صورت میں کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں یکم فروری 2016کو آزاد کشمیر بھر کی آل پارٹیز کے ایک وفد نے پاکستان کے ہائی کمشنر اور دیگر officialsسے ہائی کمیشن آفس میں ملاقات کی جوکہ ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ہائی کمشنر سیدابن عباس نے تحمل کے ساتھ تمام مطالبات کو سنا اور یہ یقین دلایا کہ ان تمام مطالبات کو حکومت پاکستان اور متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ وفد کے شرکاء میں زبیرکیانی، راجہ نیابت حسین، شبیر ملک، پروفیسر ظفر خان، سردار صابر گل، سردار آصف شریف، حافظ طارق محمود، سردار الطاف، زاہد اقبال شامل تھے۔