لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدلیہ پر تنقید اور دباؤ ڈال کر فیصلوں پر اثر انداز ہونے کا ہر حربہ ناکام ہوگا، نائن الیون کے بعد امریکہ نے مسلمانوں کی معیشت و تعلیم پر قبضہ کیا، نائن الیون کے بعد امریکہ نے مسلمانوں کو اپنا دشمن نمبر ایک قرار دے کر ان کی معیشت اور تعلیم پر قبضہ کیا ، اسلام دشمن قوتیں امت کو تقسیم کر کے ان پر حکمرانی کر رہی ہیں ،یہودیوں نے 1897ءمیں پوری دنیا پر حکمرانی کا پلان بنایا تھا جس پر تیزی سے کام جاری ہے ، 8 اپریل کو مینار پاکستان پر پنجاب بھر کے نوجوانوں کو جمع کر کے انہیں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران اس کا توڑ کرنے کے بجائے اپنے مفادات سمیٹنے میں مصروف ہیں ۔ دنیا بھر میں امت مسلمہ ظلم کا شکار ہے ۔ جب تک عوام کو یہ نہیں بتایا جاتا کہ وزیر اعظم نے چیف جسٹس سے کس ایجنڈے پر ملاقات کی ، افواہیں اور چہ میگوئیاں ہوتی رہیں گی ۔ سراج الحق نے کہاکہ ہم نے کبھی محض فرد واحد یا خاندان کے احتساب کا مطالبہ نہیں کیا ، ہم ان تمام لٹیروں کا احتساب چاہتے ہیں جنہوں نے کسی بھی حیثیت سے پاکستا ن کو نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اصل قوت ایمان اور قرآن ہے ہم اپنے نوجوانوں کو قرآن کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ایمان کی قوت کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر قومی وحدت کا ذریعہ بنیں ۔ اسلام آباد میں مغرب کے ایجنڈے پر کاربند این جی اوز کی خواتین کا مظاہرہ حادثاتی نہیں ، باقاعدہ ایک پلان کے ذریعے کیا گیا تاکہ معاشرے میں بے حیائی کو فروغ دیا جاسکے۔