راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)چیئر مین مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی راجہ جہانداد خان کے خلاف مختلف مالی بے ضابطگیوں پر کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل کو مجاز افسر مقرر کردیا گیا ہے۔احکامات سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ نے جار ی کئے۔راجہ جہانداد خان کے خلاف ایکسٹر ا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(ای اینڈ ایم)چکوال کی رپورٹ کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا گیاجھنوں نے مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی کے مختلف امور میں راجہ جہانداد خان کے ملوث ہونے کی رپورٹ دی۔جس پر ڈائریکٹر آف زراعت (ای اینڈ ایم) پنجاب لاہور نے پنجاب ایگریکلچرل پروڈوس مارکیٹس آرڈیننس1978کی سیکشن22(1)کے تحت کارروائی ی سفارش کی۔راجہ جہانداد خان کے خلاف جار ی کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی کے نقشہ و سائیٹ پلان میں مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر تبدیلی کی۔ مارکیٹ کمیٹی بلڈنگ سے ملحقہ اراضی کرائے پر دی جس کے نتیجے میں سرکاری اراضی کا غلط استعمال ہوا۔راجہ جہانداد خان نے مارکیٹ کمیٹی آفس کی مغربی سائیڈ سے ملحقہ ایک اور اوپن جگہ ہوٹل اور ایک فرنیچر ورکشاپ والے کو صرف آٹھ ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دیدی جبکہ مارکیٹ ویلیو22ہزار500کے قریب تھی۔اس طرح ایک سال میں تین لاکھ48ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔سیکورٹی کی مد میں بھی صرف30ہزار روپے وصول کئے گئے جبکہ علاقے میں اتنی جگہ کی اوسط سیکورٹی ساڑھے تین لاکھ فی کس بنتی ہے۔اسی طرح انہوں نے شمالی طرف اوپن جگہ کرائے پر دی۔انہوں نے پیپر ا رولز کی خلاف ورزی کی۔ حکمنامہ میں راجہ جہانداد خان کو اپنے دفاع میں جواب سات روز کے اندر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔سپیشل سیکرٹری کے حکم کے حوالے سے چیئر مین مارکیٹ کمیٹی راجہ جہانداد خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے علم میں ایسا کوئی آڈر نہیں ہے۔لیکن جو چارجز لگائے گئے ہیں اسی طرح کے چارجز میں نے سابقہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کے خلاف لگا کر سپیشل سیکرٹری کو بھجوائے تھے۔انہوں نے کہا کہ22مارچ کا حکم ہے لیکن30مارچ رات تک مجھے موصول نہیں ہوا۔اس سے دال میں کچھ کالا لگتا ہے۔جب حکم ملے گا تو جواب بھی دے دوں گا۔