• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈویژن میں جدید موٹر سائیکل ایمبولنس سروس کا افتتاح

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن میں جدید موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس کی بدولت ایمرجنسی کی صورت میں اب راولپنڈی شہر کے تنگ گلی محلوں تک رسائی آسان ہو گی۔ اس حوالے سے تقریب کلچرل ہال آرٹس کونسل راولپنڈی میں ہوئی جس میں ممبر صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ اور بانی و ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر ستارہ امتیاز خطاب کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی سروس کا انفراسٹرکچر پہنچا دیا گیا ہے۔ آج ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ اپنی کامیاب سروس کو سارک ممالک سے بھی شیئر کر رہے ہیں تاکہ وہاں کے شہریوں کو بھی ایمرجنسی سروسز ڈیلوری کا بنیادی حق فراہم کیا جا سکے جس طرح ترقی یافتہ ممالک میں شہریوں کا حاصل ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ریسکیو سروس نے اب تک 55لاکھ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیا ہے، سترہ لاکھ ٹریفک حادثات پر رسپانڈ کیا ہے جبکہ پیشہ ورانہ فائر فائٹنگ کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد آتشزدگی کے حادثات پر رسپانڈ کرتے ہوئے 270ارب روپے کے نقصانات کو بچایا ہے۔ راجہ حنیف نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے 12مقامات پر دو دو موٹر سائیکل ایمبولنس بمعہ سٹاف تعینات کر دی گئی ہیں جن میں نواز شریف پارک‘ کمیٹی چوک‘ فوارہ چوک‘ بائیو پمپ رینج روڈ‘ ائرپورٹ چوک‘ جی پی او چوک‘ منڈی موڑ‘ چونگی نمبر 22‘ عسکری سیون اڈیالہ روڈ‘ ٹی چوک‘ کار چوک اور ڈسپنسری گرائونڈ شامل ہیں جو ایمرجنسی کی صورت میں راولپنڈی کے شہریوں کو ریسکیو خدمات دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ریسکیو کی بڑی گاڑیوں کی رسائی آسانی سے ممکن نہیں ہوتی ان علاقوں میں ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو موٹر سائیکل مدد فراہم کرینگے۔
تازہ ترین