• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ، وکلاء کی گاڑیوں کیلئے ای ٹیگ سسٹم کی تجویز

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے سکیورٹی معاملات کا انچارج ڈی ایس پی عہدہ کا افسر ہوگا۔ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی سلیکشن آر پی او کر کے دینگے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو 33کنال اراضی ایکوزیشن کیس پر ایک ہفتہ میں پیشرفت کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ، کالونی اور ہائی کورٹ بار میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے آر ڈی اے کو بلک واٹر سکیم سے سپلائی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وکلاء کی گاڑیوں کیلئے ای ٹیگ سسٹم اپنانےکی تجویز دی گئی ہے۔ ہائی کورٹ آنے والے سائلین کی مین گیٹ پر سکریننگ ہوا کریگی۔ یہ فیصلے جمعہ کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر جسٹس عبادالرحمان لودھی کی زیر صدارت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس میں کئے گئے۔ اس موقع پر آر پی او محمد وصال فخر سلطان راجہ، سی پی او اسرار عباسی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رائو عاطف، ہائیکورٹ بار کے صدر حسن رضا پاشا، سیکرٹری جنرل حفصہ بخاری، ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ بار کے علاوہ سپیشل برانچ اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ہائیکورٹ کی سکیورٹی انچارج ڈی ایس پی سطح کا افسر ہو گا کے حوالے سے سی پی او نے کہا کہ اُنکے پاس ڈی ایس پی عہدہ کے افسران کی کمی ہے جس پر آرپی او نے کہا کہ ڈی ایس پی کیلئے آفس ہونا چاہئے‘ ڈی ایس پی وہ دے دینگے۔ سی پی او اسرار عباسی نے کہا کہ اُنہوں نے ہائیکورٹ کا دورہ کر کے جائزہ لیا ہے‘ گلریز ہائوسنگ والی سائیڈ پر موجود گیٹ سکیورٹی رسک ہے۔ سکیورٹی انسپکٹر ملک نذر کو تبدیل کر کے رفعت بھٹی کو لگایا جا رہا ہے۔ جسٹس عباد الرحمان لودھی نے ہدایت کی کہ گیٹ کو محفوظ بنایا جائے‘ اسکے پاس موجود بجلی کا پول ہٹایا جائے‘ دیواریں اونچی کرنے کے ساتھ ساتھ مزید پکٹس اور سرچ لائٹس لگائی جائیں۔ خاردار تار کے نئے رول لا کر لگائے جائیں۔ مین گیٹ کو مزید کھلا کر کے پیدل چلنے والوں کیلئے واک تھرو گیٹ لگایا جائے تاکہ ادہر سے ہی سکیننگ ہوسکے۔ اجلاس سے پہلے جسٹس عبادالرحمان لودھی نے رجسٹرار ہائی کورٹ کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کی بلڈنگ کا تفصیلی معائنہ کرکے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور تفصیلی رپورٹ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
تازہ ترین