بس ہو، موٹر سائیکل، گھر، دفتر، کالج یا کوئی پارک نسل نو ہر جگہ ہیڈفون لگائے نظر آتی ہے، کچھ نوجوان تو اتنی اونچی آواز میں موسیقی سنتے ہیں کہ انہیںکان پڑے آواز بھی سنائی نہیں دیتی۔جس شوق کو نسل نو نے فیشن کے طور پر اپنایا ہو اہے، وہ دراصل ان کی سماعتوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہا ہے۔
ہیڈ فون کے زیادہ استعمال سے کان کا پردہ پھٹنے کا خدشہ لاحق ہوجاتا ہے۔ماہر سمعیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل ہیڈ فون لگاکر اونچی آواز میں گانے وغیرہ سننا انتہائی خطرناک ہے یہ سماعت سے محرومی کا بھی باعث بن سکتا ہے۔
نیو یارک یونیورسٹی لنگون کے کلینیکل ایسوسی ایٹ پروفیسر ولیم شپیرو کا کہنا ہے کہ آج کل ہر پانچ میں سے ایک نوجوان کو سننے میں مشکل پیش آرہی ہے،اس کی بڑی وجہ ہیڈفون کا کثرت سے استعمال ہے۔
ہر ایجاد انسان کی سہولت کے لیے کی جاتی ہے، لیکن اس کابے جا استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہوتاہے ، ہیڈفون کے لیے بھی اسی قسم کی مثال دی جاتی ہے۔ ماہر ین نے خبردار کیا ہے کہ ہیڈ فون پر اونچی آواز میں موسیقی سننے سے پرہیز کرناچاہیے تاکہ قوت سماعت متاثر نہ ہو۔