کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز20 اپریل سےہوگا۔ پاکستان میں فٹ بال کی تین سالہ بندش کے بعد ہونے والی یہ قومی سطح کی پہلی سرگرمی ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں 24ٹیموں کی شرکت متوقع ہے 10مئی تک کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ صدر پی ایف ایف فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ چیلنج کپ میں نہ صرف شائقین فٹ بال کو اچھی فٹ بال دیکھنے کو ملے گا بلکہ پی ایف ایف کا تشکیل شدہ ٹیکنیکل اسٹڈی گروپ پاکستان کی قومی ٹیم کی تشکیل کے سلسلہ میں نئے ٹیلنٹ کا انتخاب بھی کرے گا۔ پی ایف ایف کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی نے ایونٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل چیلنج کپ میں ٹیموں کی جانب سے بڑھتی ہوئی دلچسپی ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر ہماری فٹ بال کے فروغ کی کوششوں کو تقویت سے رہا ہے کہ کھیل کی سرگرمیاں شروع ہوتے ہی نئے ڈیپارٹمنٹل کلبز کی ٹیمیں وجود میں آ رہی ہیں جس سے نہ صرف نئے ابھرتے ہوئے نوجوان فٹ بال ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی بلکہ کئی کھلاڑیوں اور کوچز کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور اس سلسلے میں پاکستان اسٹیٹ لائف، ایشیا گھی ملز اور شمع بناسپتی نے ہم سے اپنی ٹیموں کی رجسٹریشن کے لئے رابطہ کر رکھا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے معروف کھلاڑی ، کوچز و ریفریز نیشنل چیلنج کپ کے فوری انعقاد کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔