• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس اورگورنرسندھ کراچی میں پانی کےبحران کا نوٹس لیں،متحدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی میں پانی کی قلت کی مذمت کی ہے اور کہاہے کہ حکومت سندھ نے موسم گرمامیں بھی شہریوںکوپانی کی بنیادی ضرورت سے محروم رکھ کرثابت کردیاہے کہ وہ اپنی عیش وعشرت میں مصروف ہے اور اسےکراچی کے شہریوں کی مشکلات کی پرواہ نہیں ہے۔ارکان سندھ اسمبلی نے چیف جسٹس آف پاکستان اورگورنرسندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں شدید گرمی کے موسم میں پانی کے بحران کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور حکومت سندھ کی شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے سیاسی حربے استعمال کرنے اور شہریوں سے انتقام لینے پر باز پرس کی جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے فی الفور اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون ، کورنگی ، اورنگی ، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی ، نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کے بحران نے شدت اختیار کرلی ہے اور پانی 15یا 20دن کے بعدبمشکل مل پارہا ہے جس سے روز مرہ کے معمولات بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے شہریوں سے ہمدردی کے جھوٹے وعدے کرتے نہیں تھکتی جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ سندھ حکومت ہی کراچی کے شہریوں کو پانی سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں رکاوٹ ہےاور مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے شہریوں سے نجانے کس بات کا انتقام لے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام شدید گرمی سے بے حال ہیں اور دوسری جانب انہیں پانی جیسی بنیادی ضرورت کیلئے ترسانا سراسر ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے برسوں سے حکومت سندھ نے سرخ فیتے کی نذر کئے ہوئے ہیں اگر یہ منصوبے مکمل ہوجاتے تو آج شہریوں کو اس صورتحال کا سامنا ہرگز نہ کرتا۔
تازہ ترین