سیالکوٹ، پتوکی (نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ سیل ) سمبڑیال میں صحافی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئےکئی شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ صحافی ذیشان بٹ کویوسی چئیرمین عمران چیمہ کی جانب سے مارنے کی دھمکیاں ملنے سے متعلق بات چیت اور پولیس سے مدد مانگنے کی آڈیو اور تفتیش میں دیگرواضح شواہد سامنے آنے کے بعد بھی پولیس قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی ہے۔جبکہ ذیشان کے لواحقین کی جانب سے مقدمے میں نامزد ہونے کے باوجود ن لیگ کا یوسی چیئرمین عمران چیمہ تاحال قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔اپنے موبائل فون سے آخری گفتگو میں ذیشان بٹ نے ضلع کونسل کی چیئرپرسن حنا ارشد کو آگاہ کیا تھا کہ چیئرمین یونین کونسل عمران چیمہ دھمکیاں د ینے کے بعد اسے جان سے مارنے آرہا ہے۔ والدہ اپنے جوان بیٹے کی موت پر غم سے نڈھال ہیں جبکہ ذیشان کے اہل خانہ نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سیالکوٹ کےنمائندہ جنگ کے مطابق قتل کے مقدمہ میں محرر کو معطل کردیا گیا ہےجبکہ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرلی گئیں۔اطلاعات کے مطابق صحافی ذیشان بٹ اور یوسی چیئرمین عمران چیمہ کے درمیان ماضی میں بھی سیاسی طور پر رنجشیں رہی ہیں۔دونوں نے بلدیاتی انتخابات میں بھی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ذیشان بٹ پر تین گولیاں فائر کی گئی تھیں جس کے بعد مرکزی ملزم عمران چیمہ موقعہ سے فرار ہوگیا تھا، ساتھ ہی ملزم کے اہلخانہ بھی علاقہ چھوڑ کر جاچکے ہیں۔پولیس کے مطابق جدید تکنیکی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کی تلاش جاری ہے ۔ پتوکی کے نامہ نگار کے مطابق پریس کلب سے کچہری چوک تک ذیشان بٹ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پر امن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں پتوکی کی صحافی برادری، سول سوسائٹی ،وکلاءاور تاجر برادری نے شرکت کر تے ہو ئے حکو مت سے مطا لبہ کیا کہ قاتل فوری گر فتار کئے جائیں۔ذیشان بٹ کے بے رحمانہ قتل کے خلاف بنوں کی صحافی برادری نے صدر پریس کلب محمد عالم خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور ملزم کی گرفتاری اورکیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری احسان اللہ خٹک و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت مقدس پیشہ ہے ہمیں صرف اس گناہ کی سزا دی جاتی ہے کہ ہم اس مقدس پیشے اور قلم کو سودا نہیں کرتے جو محسوس کرتے ہیں وہی تحریر کرتے ہیں جوکہ جرائم پیشہ اور کرپٹ مافیا برداشت نہیں کر سکتی ۔دریں اثناء صحافی کی بے رحمانہ قتل کے خلاف بنوں کی صحافی برادری صدر پریس کلب محمد عالم خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور ملزم کی گرفتاری اور پھانسی پر چڑھانے کا مطالبہ کیا ہے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری احسان اللہ خٹک و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت مقدس پیشہ ہے ہمیں صرف اس گناہ کی سزا دی جاتی ہے کہ ہم اس مقدس پیشے اور قلم کو سودا نہیں کرتے جو محسوس کرتے ہیں وہی تحریر کرتے ہیں جوکہ جرائم پیشہ اور کرپٹ مافیا برداشت نہیں کر سکتی ۔